ایک رپورٹ کے مطابق آئی فون بنانے والی عالمی ٹیکنالوجی کمپنی Apple Inc. حکومتِ پاکستان کے تعاون سے ملک میں آئی فون کی تیاری شروع کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان کو علاقائی برآمدی مرکز کے طور پر قائم کرنا اور برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حکومت نے کمپنی کو راغب کرنے کے لیے متعدد مراعات دینے پر اتفاق کیا ہے۔ مجوزہ پالیسی کے تحت کارکردگی پر مبنی ترغیب کو موجودہ 6 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ رعایتی نرخوں پر زمین کی فراہمی بھی زیر غور ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس فریم ورک کو اعلیٰ حکومتی قیادت کی حمایت حاصل ہے اور جلد اس کی منظوری متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ایپل ابتدائی مرحلے میں دو سے تین سال پرانے آئی فونز کی ریفربشنگ یعنی مرمت اور دوبارہ تیاری پر توجہ دے گا، جیسا کہ کمپنی اس سے قبل بھارت، ملائیشیا اور انڈونیشیا میں کر چکی ہے۔ بعد ازاں مکمل پیمانے پر مقامی مینوفیکچرنگ کی جانب پیش رفت کی جائے گی۔ حکومت کو توقع ہے کہ پہلے سال میں اس اقدام سے تقریباً 100 ملین ڈالر کی برآمدی آمدن حاصل ہو سکتی ہے۔
منصوبے کے تحت مقامی پرزہ جات کے استعمال کو موجودہ 12 فیصد سے بڑھا کر پہلے سال میں 35 فیصد تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ طویل مدت میں اسے 50 فیصد تک بڑھانے کی منصوبہ بندی ہے۔ اسی پالیسی کے تحت اعلیٰ درجے کے موبائل فونز پر 6 فیصد تک ایکسپورٹ لیوی عائد کرنے کی تجویز بھی شامل ہے جس سے تقریباً 62 ارب روپے جمع ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے، تاہم 50 ہزار سے 60 ہزار روپے قیمت والے کم لاگت موبائل فونز کو اس لیوی سے مستثنیٰ رکھا جائے گا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ چینی کمپنیاں موبائل مینوفیکچرنگ کے شعبے میں تقریباً 557 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گی، جو وزیر اعظم کے حالیہ دورۂ بیجنگ کے دوران طے پانے والے معاہدوں کے بعد متوقع ہے۔
حکومت الیکٹرانکس کے شعبے کے ساتھ ساتھ الیکٹرک وہیکل پالیسی کو بھی وسعت دے رہی ہے۔ الیکٹرک دو پہیوں والی گاڑیوں کے لیے 40 فیصد سبسڈی پہلے ہی متعارف کرائی جا چکی ہے جس کے لیے 9 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ اب اس پالیسی کا دائرہ الیکٹرک چار پہیوں والی کم لاگت گاڑیوں تک بڑھانے پر بھی غور جاری ہے۔ حکام کے مطابق یہ تمام اقدامات پاکستان میں طویل مدتی صنعتی ترقی اور ٹیکنالوجی کے فروغ کی وسیع حکمت عملی کا حصہ ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






