سپارکو کا خلا میں نیا سنگِ میل، کیا بدلنے والا ہے؟

پاکستان کے قومی خلائی ادارے سپارکو نے اسپیس ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اور اہم کامیابی حاصل کر لی ہے۔ سپارکو کے تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل 2 (ای او 2) سیٹلائیٹ کو کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیج دیا گیا۔

یہ سیٹلائیٹ چین کے یانگ جیانگ سی شور لانچ سینٹر سے روانہ ہوا۔ سپارکو کے ترجمان کے مطابق ای او 2 پاکستان کی زمین کے مشاہدے اور جدید امیجنگ صلاحیتوں کو مزید مضبوط کرے گا۔ ترجمان نے بتایا کہ اس مشن کی کامیابی ملکی خلائی مہارت، مقامی ٹیکنالوجی اور خود انحصاری کی واضح علامت ہے۔ ای او 2 مختلف شعبوں میں منصوبہ بندی، وسائل کے بہتر انتظام اور درست ڈیٹا کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

سپارکو کے مطابق اس لانچ کے بعد پاکستان کے سیٹلائیٹس کے بیڑے میں اضافہ ہوگا، جبکہ مشاہدات کے تسلسل اور ڈیٹا کی درستگی میں بھی بہتری آئے گی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ای او 2 قدرتی آفات سے نمٹنے، ماحولیاتی نگرانی اور اسٹریٹجک منصوبہ بندی میں مددگار ثابت ہوگا، جو قومی ترقی کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔ سپارکو نے اس کامیابی کو سیٹلائیٹ ٹیکنالوجی میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی برتری اور مقامی سطح پر تیاری کی صلاحیت کا مظہر قرار دیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل جنوری 2025 میں الیکٹرو آپٹیکل 1 (ای او 1) سیٹلائیٹ بھی خلا میں بھیجا گیا تھا۔ ای او 1 کو ڈیزاسٹر ریسپانس، زراعت، شہری منصوبہ بندی، خوراک کی حفاظت اور پانی کے انتظام جیسے اہم شعبوں میں معاونت کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا۔ سپارکو کے مطابق ای او 1 نے قدرتی وسائل کی نگرانی اور ترقیاتی منصوبوں میں مؤثر ڈیٹا فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close