اسلام آباد: پاکستان کے خلائی سفر کی جانب ایک اور بڑی پیش رفت سامنے آ گئی ہے، جہاں سپارکو نے قومی خلائی مشن کے لیے امیدواروں کے انتخاب کا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق طویل اور سخت ابتدائی اسکریننگ کے بعد دو امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، جو چھ ماہ پر مشتمل خصوصی خلائی مسافر تربیت میں حصہ لیں گے۔ یہ تربیت انہیں خلائی مشن کے تقاضوں کے مطابق جسمانی، ذہنی اور تکنیکی طور پر تیار کرے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ تربیتی مرحلہ مکمل ہونے کے بعد اکتوبر یا نومبر میں ایک امیدوار کو حتمی طور پر منتخب کیا جائے گا، جو پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے خلا کا سفر کرے گا۔
یہ تاریخی خلائی مشن پاکستانی خلاباز کو چین کے جدید خلائی اسٹیشن تک لے کر جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون کا دو طرفہ معاہدہ فروری 2025 میں طے پایا تھا، جس کے تحت چین نے پاکستان کو اپنے خلاباز پروگرام میں پہلے غیر ملکی شراکت دار کے طور پر منتخب کیا۔ یہ پیش رفت نہ صرف پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے سنگِ میل ہے بلکہ سائنسی اور دفاعی تعاون میں ایک نئے دور کا آغاز بھی سمجھی جا رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






