اسنیپ چیٹ نے لاکھوں صارفین کے اکاؤنٹس بلاک کر دیے

اسنیپ چیٹ نے آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر صارفین کے 415,000 سے زائد اکاؤنٹس معطل کر دیے ہیں، کیونکہ نئے قانون کے تحت کم عمر افراد کے لیے پلیٹ فارم استعمال کرنا ممنوع ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ روزانہ مزید کم عمر اکاؤنٹس کی جانچ اور معطلی کا عمل جاری ہے، تاہم عمر کی تصدیق کرنے والی ٹیکنالوجی مکمل مؤثر نہیں، جس کی وجہ سے بعض نوجوان اس پابندی سے بچ سکتے ہیں۔

نئے قانون کے تحت اسنیپ چیٹ کے علاوہ میٹا، ٹک ٹاک، یوٹیوب اور دیگر پلیٹ فارمز بھی 16 سال سے کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس بلاک کرنے کے پابند ہیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں آسٹریلیا کی حکومت کی جانب سے کمپنیوں پر 49.5 ملین آسٹریلوی ڈالر (تقریباً 34 ملین امریکی ڈالر) تک جرمانہ عائد ہو سکتا ہے۔

آسٹریلیا کے آن لائن سیفٹی ریگولیٹر کے مطابق اب تک ٹیکنالوجی کمپنیوں نے مجموعی طور پر 4.7 ملین کم عمر اکاؤنٹس بند کر دیے ہیں، جسے حکام نے ایک اہم کامیابی قرار دیا ہے۔

اسنیپ چیٹ نے اپیل کی ہے کہ ایپ اسٹورز میں صارفین کی عمر کی تصدیق لازمی کی جائے تاکہ کم عمر افراد کی ایپ تک رسائی مؤثر طریقے سے روکی جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close