اگر آپ اپنا موبائل فون بیچنے، کسی کو دینے یا مرمت کے لیے دینے کا سوچ رہے ہیں تو اپنی پرائیویسی کے تحفظ کے لیے چند ضروری اقدامات کرنا لازمی ہیں۔
آج کے دور میں اسمارٹ فونز صرف رابطے کے لیے استعمال نہیں ہوتے، بلکہ ان میں صارفین کی ذاتی معلومات، تصاویر، ویڈیوز اور مختلف اکاؤنٹس موجود ہوتے ہیں۔ اکثر لوگ نئے ماڈلز خریدنے کے لیے پرانا فون فروخت کر دیتے ہیں یا کسی کو استعمال کے لیے دیتے ہیں، یا خرابی کی صورت میں فون شاپ یا فرنچائز پر مرمت کے لیے بھیج دیتے ہیں، جس سے ذاتی ڈیٹا کے افشا ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اس حوالے سے ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔ سب سے پہلے فون کی فیکٹری ری سیٹ کریں، لیکن یہ کافی نہیں کیونکہ جدید سافٹ ویئر کے ذریعے ڈیٹا دوبارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اس لیے فون کے اِنکرپشن کو چیک کریں اور ری سیٹ سے قبل تصدیق کریں کہ فون مکمل طور پر محفوظ شدہ (Encrypted) ہے یا نہیں۔
اس کے لیے فون کی سیٹنگز میں جائیں، چیٹ سیکشن منتخب کریں، چیٹ بیک اپ پر کلک کریں اور اینڈ ٹو اینڈ اِنکرپشن فعال کر کے ڈیٹا کو اوور رائٹ کریں۔ ری سیٹ کے بعد کچھ اضافی تصاویر یا ویڈیوز فون میں ڈالیں اور دوبارہ ری سیٹ کریں تاکہ پچھلا ڈیٹا مکمل طور پر ختم ہو جائے۔
تمام اکاؤنٹس جیسے گوگل، ایپل آئی ڈی، سیم سنگ یا سونی آئی ڈی کو حذف کریں، ورنہ نیا صارف فون استعمال نہیں کر سکے گا۔ ڈیٹا حذف کرنے سے قبل اپنا بیک اپ ضرور لیں اور اسے گوگل ڈرائیو، آئی کلاؤڈ، میموری کارڈ یا کمپیوٹر پر محفوظ کریں۔ آخر میں سم کارڈ اور میموری کارڈ نکالیں تاکہ آپ کا نمبر یا ذاتی معلومات کسی اور کے ہاتھ نہ لگے۔
یہ اقدامات آپ کو پرائیویسی کے افشا ہونے، شناخت کی چوری اور ذاتی ڈیٹا کے غلط استعمال سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






