اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی کے لیے ایک نیا ترجمہ ٹول متعارف کرایا ہے جو صارفین کو 50 سے زائد زبانوں میں فوری ترجمہ کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
“چیٹ جی پی ٹی ٹرانسلیٹ” نامی یہ ٹول ٹیکسٹ، آڈیو ریکارڈنگ اور تصاویر میں موجود تحریر کا اردو سمیت مختلف زبانوں میں مؤثر ترجمہ کر سکتا ہے۔ اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق اس ٹول میں زبان کی خودکار شناخت کی خصوصیت بھی شامل ہے۔
یہ ٹول محاوروں، اصطلاحات، سیاق و سباق اور تحریر کے اسلوب کو سمجھنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو اسے روایتی ترجمہ ٹولز سے ممتاز بناتا ہے۔ صارفین ایک ہی کلک پر کاروباری یا تعلیمی متن کا ہموار ترجمہ حاصل کر سکتے ہیں۔
اس ٹول کو گوگل ٹرانسلیٹ کے مضبوط مقابل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ فی الحال یہ صرف ویب پیج کی صورت میں دستیاب ہے اور آف لائن استعمال کے لیے موزوں نہیں ہے۔ کمپنی نے اس فیچر کو بغیر بڑے اعلان کے متعارف کرایا ہے، مگر مستقبل میں اسے مزید بہتر بنا کر باقاعدہ لانچ کرنے کا امکان ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






