متحدہ عرب امارات کے معروف بینک ایمریٹس این بی ڈی نے صارفین کو ایک نئے اور خطرناک سائبر حملے سے خبردار کیا ہے، جسے واٹس ایپ زیرو ڈے وائس کال اٹیک کہا جا رہا ہے۔ بینک کے مطابق ہیکرز صرف ایک واٹس ایپ وائس کال کے ذریعے موبائل فون تک غیر قانونی رسائی حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ صارف کو نہ کال اٹھانے اور نہ ہی کسی لنک پر کلک کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
بینک کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ سائبر مجرم واٹس ایپ میں موجود ایک نامعلوم سکیورٹی خامی کا فائدہ اٹھا رہے ہیں، جس کے باعث صارف کا ڈیٹا خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ اس حملے کے نتیجے میں صارف کی نجی چیٹس، تصاویر، بینک اکاؤنٹس اور دیگر حساس معلومات ہیک ہو سکتی ہیں۔
سائبر سکیورٹی ماہرین کے مطابق ایسے حملے خاص طور پر تہواروں اور تعطیلات کے دوران بڑھ جاتے ہیں، کیونکہ اس دوران صارفین زیادہ کالز اور پیغامات وصول کرتے ہیں۔
ایمریٹس این بی ڈی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ واٹس ایپ اور موبائل فون کو ہمیشہ تازہ ترین ورژن پر اپڈیٹ رکھیں، ٹو اسٹیپ ویریفکیشن آن کریں، نامعلوم نمبرز کی کالز سے محتاط رہیں اور کسی کو بھی OTP یا بینک تفصیلات فراہم نہ کریں۔
بینک نے مزید کہا ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں یا بینک سے رابطہ کیا جائے، کیونکہ آن لائن سکیورٹی میں ذرا سی لاپرواہی بھی بڑے مالی نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






