میٹا نے واٹس ایپ میں سال 2026 کے ابتدائی فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے، جن کا مقصد گروپ چیٹس کے تجربے کو مزید بہتر بنانا ہے۔
دنیا کے مقبول ترین میسجنگ پلیٹ فارم میں گروپ چیٹس کے لیے تین نئے فیچرز شامل کیے جا رہے ہیں، جن میں ممبر ٹیگز، ٹیکسٹ اسٹیکرز اور ایونٹ ریمائنڈر شامل ہیں۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے سال کے آغاز کے ساتھ گروپ چیٹس کو اپ گریڈ کرنے کا یہ بہترین موقع ہے۔ ان نئے فیچرز کے ذریعے صارفین کو گروپس میں زیادہ سہولت اور بہتر رابطے کا تجربہ فراہم کیا جائے گا۔
ممبر ٹیگز فیچر کے تحت صارفین ہر گروپ چیٹ میں اپنا الگ نک نیم یا ٹیگ رکھ سکیں گے، جس سے وہ اپنی شخصیت کا اظہار کر سکیں گے اور دیگر اراکین کو یہ بھی بتا سکیں گے کہ گروپ میں ان کا کردار یا ذمہ داری کیا ہے۔ ہر گروپ کے لیے مختلف ٹیگز استعمال کرنا بھی ممکن ہوگا۔
دوسرا نیا فیچر ٹیکسٹ اسٹیکرز سے متعلق ہے، جس کے ذریعے صارفین کسی بھی لفظ کو اسٹیکر میں تبدیل کر سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے مطلوبہ لفظ اسٹیکر سرچ میں ٹائپ کرنا ہوگا، جبکہ ان اسٹیکرز کو باقاعدہ اسٹیکر پیکس میں شامل کرنا بھی ممکن ہوگا۔
تیسرا فیچر ایونٹ ریمائنڈر ہے، جس کے تحت واٹس ایپ میں اب کاسٹم ایونٹس کے لیے مخصوص ریمائنڈر سیٹ کرنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ جب کسی گروپ میں ایونٹ بنایا جائے گا تو اس کے لیے یاددہانی بھی مقرر کی جا سکے گی۔
میٹا کے مطابق ان فیچرز کی مرحلہ وار فراہمی کا آغاز ہو چکا ہے اور آئندہ چند دنوں میں یہ تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






