مختلف مقامات پر موبائل صارفین کے لئے نئی سروس متعارف کرادی گئی، جس کے تحت شہریوں کو ایک ہی جگہ چار اہم سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے عوام کی شہر کے لیے ایک اور اہم اور انقلابی اقدام سامنے آیا۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے لاہور میں شہریوں کی سہولت اور سلامتی کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایمرجنسی فری موبائل فون چارجنگ سروس متعارف کرا دی ہے۔
اس منصوبے کے تحت شہر کے منتخب مقامات پر شہریوں کو ایک ہی جگہ چار اہم سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جن میں پینک بٹن، سی ایم فری وائی فائی اور ایمرجنسی فری موبائل فون چارجنگ شامل ہیں، ان سہولیات کا مقصد ہنگامی حالات میں شہریوں کو فوری رابطے اور مدد کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت نے لاہور بھر میں 100 مقامات پر ایمرجنسی موبائل چارجنگ اسٹیشنز نصب کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جن میں سے اب تک 30 مقامات پر یہ سہولت مکمل طور پر فعال ہو چکی ہے، جبکہ شہری اس سے بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ اس اقدام سے شہر کے سیفٹی زونز مزید مؤثر ہو گئے ہیں اور اب شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں موبائل فون کی بیٹری ختم ہونے کی فکر کے بغیر رابطے میں رہ سکتے ہیں۔
اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان سہولیات کو ذمہ داری کے ساتھ استعمال کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سے مستفید ہو سکیں۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق یہ منصوبہ لاہور کو ایک ماڈل محفوظ شہر بنانے کی جانب ایک اور اہم قدم ہے، جو شہریوں کو بیک وقت تحفظ اور سہولت فراہم کرنے کی ضمانت دیتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






