اسلام آباد: سست انٹرنیٹ سے پریشان صارفین کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آ گئی ہے۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ملک میں تیز ترین انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں اور آئندہ چند ماہ میں فائیو جی سروس لانچ کیے جانے کا امکان ہے۔ براق اسپیس کیمپ کے کامیاب اختتام پر خطاب کرتے ہوئے شزا فاطمہ نے بتایا کہ یہ کیمپ 29 دسمبر 2025 کو شروع ہوا تھا، جس میں 40 شارٹ لسٹ طلبہ نے جدید تربیت کامیابی سے مکمل کی۔ انہوں نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ اور روشن مستقبل ہیں، جنہیں ڈیجیٹل دور اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز کے لیے تیار کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نوجوانوں نے معرکۂ حق کے دوران سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں نمایاں کردار ادا کیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نوجوانوں کو درست سمت میں آگے بڑھانے کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے، جبکہ ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت عوام کو ڈیٹا اور جدید ٹیکنالوجی تک آسان رسائی دی جائے گی۔ شزا فاطمہ خواجہ نے فری لانسنگ کے شعبے میں 91 فیصد اضافے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مختلف شعبوں میں نوجوانوں کی تربیت پر سرمایہ کاری کر رہی ہے تاکہ وہ ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






