ایپل کا مودی سرکار کے اہم کو حکم ماننے سے انکار ، حکام تلملا کر رہ گئے

آئی فون بنانے والی کمپنی ایپل نے بھارتی حکومت کے اس حکم پر عمل کرنے سے انکار کر دیا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ اپنے فونز میں سرکاری سائبر سیکیورٹی ایپ پہلے سے انسٹال کرے۔

روئٹرز کے مطابق مودی حکومت نے خفیہ طور پر ایپل، سام سنگ اور شیاومی سمیت دیگر کمپنیوں کو 90 دن کے اندر تمام فونز میں ’’سنچار ساتھی‘‘ یا ’’رابطے کا ساتھی‘‘ ایپ پہلے سے لوڈ کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس ایپ کا مقصد چوری شدہ فونز کو ٹریک، بلاک اور غلط استعمال سے بچانا ہے۔ حکومت چاہتی تھی کہ ایپ کو غیر فعال نہ کیا جا سکے اور موجودہ ڈیوائسز میں سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کے ذریعے بھیجی جائے۔

بھارتی وزیرِ مواصلات جیوتی رادتیہ سندھیا نے کہا کہ یہ ایپ رضاکارانہ ہے اور صارفین اسے کسی بھی وقت اپنے فون سے حذف کر سکتے ہیں، تاہم صنعتی ذرائع کے مطابق ایپل اس حکم پر عمل کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی اور حکومت کو بتائے گی کہ وہ دنیا میں کہیں بھی اس قسم کے لازمی احکامات نہیں مانتی، کیونکہ یہ iOS سسٹم میں پرائیویسی اور سیکیورٹی کے سنگین مسائل پیدا کرتے ہیں۔

مودی حکومت کے اس اقدام پر سیاسی مخالفین اور پرائیویسی کے علمبرداروں نے شدید تنقید کی ہے اور خدشہ ظاہر کیا ہے کہ حکومت 73 کروڑ بھارتی اسمارٹ فون صارفین تک رسائی حاصل کرنا چاہتی ہے۔

ایپل اور بھارتی ٹیلی کام وزارت نے اس معاملے پر روئٹرز کی جانب سے تبصرے کی درخواستوں کا فی الحال جواب نہیں دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close