اینڈرائیڈ فونز کی کال سیٹنگز میں تبدیلی، وجہ سامنے آ گئی

اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز کے کال سیٹنگز اور انٹرفیس میں اچانک بڑی تبدیلی متعارف کرائی گئی ہے، جسے متعدد صارفین نے فوراً محسوس بھی کیا۔ اس تبدیلی کے بعد کال کرتے یا کال موصول ہونے پر فون کا ڈسپلے اور آپشنز پہلے سے مختلف نظر آنے لگے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق، سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے اس تبدیلی کو ہیکنگ قرار دیتے ہوئے شکوک و شبہات کا اظہار کیا، جبکہ دیگر نے اسے گوگل کی جانب سے کی جانے والی اپ ڈیٹ قرار دے کر تسلی کا اظہار کیا۔

کیا بدلا ہے؟
گوگل نے حال ہی میں کال ایپ میں موجود “فیورٹس” کے آپشنز کو ہٹا کر انہیں “ہوم” میں ضم کردیا ہے۔ اب صارفین کو صرف “ہوم” اور “کی پیڈ” (ڈائلر) کے آپشنز ہی نظر آئیں گے۔

تبدیلی کی وجوہات
گوگل نے مئی میں ہی اعلان کیا تھا کہ کمپنی “مٹیریل تھری ایکسپریسیو” نامی بڑی اپ ڈیٹ پر کام کر رہی ہے۔ اس اپ ڈیٹ کے تحت فون کے ڈسپلے اور سافٹ ویئر کو مزید سادہ، تیز، آسان اور معلوماتی بنایا جا رہا ہے۔ اس اپ ڈیٹ کے بعد نہ صرف کال ایپ بلکہ نوٹیفکیشنز، کلر تھیمز، جی میل، فوٹوز اور واچ جیسی کئی ایپس اور سیٹنگز میں بھی نمایاں تبدیلیاں شامل ہوں گی۔ گوگل کے مطابق، اس تبدیلی کا بنیادی مقصد کال ایپ کو زیادہ یوزر فرینڈلی اور سادہ بنانا ہے۔ اس سے قبل اینڈرائیڈ فونز کا ڈسپلے “مٹیریل یو” ڈیزائن پر مبنی تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close