بچوں اور نوجوانوں کے آن لائن تحفظ کیلئے میٹا نے بہترین اقدام اٹھا لیا

میٹا نے فیس بک اور انسٹاگرام سمیت اپنے تمام پلیٹ فارمز پر بچوں اور نوجوانوں کے تحفظ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے نئے حفاظتی ٹولز اور اپ ڈیٹس متعارف کرا دیے ہیں۔

ان اقدامات میں نوجوان صارفین کے لیے ڈائریکٹ میسجنگ میں بہتری، برہنہ مواد کے خلاف تحفظ میں توسیع، اور بچوں سے متعلق اکاؤنٹس—جو کہ والدین یا ٹیلنٹ ایجنٹس کے زیر انتظام ہوتے ہیں—کے لیے اضافی حفاظتی فیچرز شامل ہیں۔ اب نوجوان صارفین کو واضح طور پر یہ دکھایا جائے گا کہ وہ کس سے بات کر رہے ہیں، ساتھ ہی نئے آپشنز جیسے اکاؤنٹ کی تفصیلات، حفاظتی تجاویز، اور کسی بھی مشکوک میسج بھیجنے والے کو ایک ہی وقت میں بلاک اور رپورٹ کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔

جون کے مہینے میں نوجوانوں نے میٹا کے حفاظتی نوٹسز کی مدد سے 10 لاکھ سے زائد اکاؤنٹس کو بلاک اور اتنے ہی اکاؤنٹس کو رپورٹ کیا۔

میٹا نے بین الاقوامی “سیکسوٹارشن” فراڈ کے خلاف کارروائی کے تحت انسٹاگرام پر “لوکیشن نوٹس” فیچر بھی متعارف کروایا ہے۔ یہ نوٹس اس وقت ظاہر ہوتا ہے جب صارف کسی دوسرے ملک میں موجود فرد سے چیٹ کر رہا ہو، جو نوجوانوں کو دھوکے سے نشانہ بنانے کا عام طریقہ ہے۔ اب تک 10 فیصد سے زائد صارفین نے اس نوٹس پر کلک کر کے تفصیلی معلومات حاصل کیں۔

“عریانیت تحفظ” کے فیچر کو بھی مزید فعال کیا گیا ہے، جو مشتبہ برہنہ تصاویر کو خودکار طور پر دھندلا دیتا ہے۔ جون تک 99 فیصد نوجوان صارفین نے اس سیٹنگ کو آن رکھا، جس کے نتیجے میں غیر مناسب مواد کے شیئر کیے جانے میں 45 فیصد تک کمی دیکھنے میں آئی۔

میٹا نے ان اکاؤنٹس پر بھی توجہ دی ہے جو اگرچہ بالغ افراد کے زیرِانتظام ہیں لیکن بچوں پر مرکوز ہوتے ہیں۔ ان پر بھی سخت میسج کنٹرولز اور “ہیڈن ورڈز” فیچر لاگو کیا گیا ہے، جو نازیبا اور نامناسب زبان کو فلٹر کرتا ہے، تاکہ ناپسندیدہ رابطوں کو روکا جا سکے۔

مزید برآں، مشتبہ افراد کے اکاؤنٹس کی تلاش اور دیگر صارفین کو ان کی سفارشات محدود کر دی گئی ہیں، تاکہ وہ کم سے کم لوگوں کے سامنے آئیں۔ میٹا پہلے ہی ان اکاؤنٹس پر گفٹ وصول کرنے یا پیڈ سبسکرپشنز کی سہولت ختم کر چکا ہے۔

سخت کارروائی کے تحت، میٹا نے 1 لاکھ 35 ہزار انسٹاگرام اکاؤنٹس کو ختم کیا جو بچوں کے نمایاں اکاؤنٹس پر جنسی نوعیت کے تبصرے کرتے یا تصاویر کا مطالبہ کرتے تھے۔ اس کے علاوہ، مزید 5 لاکھ فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس بھی ڈیلیٹ کیے گئے جو ان سے منسلک تھے۔

میٹا، دیگر ٹیک کمپنیوں کے ساتھ “ٹیک کوالیشن” کے “لینٹرن پروگرام” کے تحت قریبی تعاون کر رہا ہے تاکہ ان خطرناک عناصر کو دیگر پلیٹ فارمز پر دوبارہ سرگرم ہونے سے روکا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close