کیش لیس نظام متعارف کروانے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں کیش لیس نظام متعارف کروانے کا فیصلہ، شہری اب آن لائن اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے ذریعے سی ڈی اے کی سروسز سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں سی ڈی اے کے مختلف شعبوں میں کیش لیس سسٹم نافذ کرنے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ ادارے میں شفافیت اور عوامی سہولت کو فروغ دینے کے لیے تمام سروسز کی فیسیں اب کیو آر کوڈ اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع سے ادا کی جا سکیں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اب شہری پراپرٹی ٹیکس، واٹر چارجز، زمین کی منتقلی، پارکنگ فیس اور دیگر سروسز کی ادائیگیاں آن لائن اور ڈیجیٹل طریقے سے انجام دے سکیں گے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ اسلام آباد کو سیف سٹی سے سمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کے لیے ادارہ پُرعزم ہے، اور اس مقصد کے لیے بینکوں کے اشتراک سے آن لائن پورٹل اور موبائل ایپس متعارف کروائی جائیں گی تاکہ شہری گھر بیٹھے سہولیات حاصل کر سکیں۔

انہوں نے سی ڈی اے عملے کی تربیت اور شہریوں کے لیے آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت جاری کی تاکہ کیش لیس نظام کا استعمال مؤثر انداز میں ممکن بنایا جا سکے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ون ونڈو فسیلیٹیشن سینٹر کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور وہاں بھی مکمل کیش لیس نظام نافذ کیا جائے گا۔

ترجمان سی ڈی اے کے مطابق یہ قدم نہ صرف مالیاتی شفافیت کو فروغ دے گا بلکہ شہریوں کو آسان، تیز اور محفوظ سروسز مہیا کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close