انسٹاگرام نے صارفین کے تجربے کو مزید بہتر بنانے اور آن لائن روابط کو مضبوط کرنے کے لیے تین نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں۔ میٹا کی جانب سے اعلان کردہ ان فیچرز کا مقصد انسٹاگرام پر دوستوں کے ساتھ رابطے کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
پہلا فیچر “ری پوسٹس” ہے، جس کے ذریعے صارفین دیگر افراد کی پبلک ریلز اور فیڈ پوسٹس کو اپنے فالورز کے ساتھ شیئر کر سکیں گے۔ اصل پوسٹ کرنے والے کو کریڈٹ دیا جائے گا اور ری شیئر شدہ مواد ایک الگ ٹیب میں دکھائی دے گا۔ اس فیچر میں نیا ری شیئر آئیکون بھی شامل کیا گیا ہے جو پوسٹس اور ریلز پر نمایاں ہوگا۔ اس سے صارفین کی پوسٹس زیادہ لوگوں تک پہنچ سکیں گی۔
دوسرا فیچر انسٹاگرام میپ کے حوالے سے ہے، جو صارفین کو اپنی لوکیشن شیئر کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ صارفین اپنی آخری متحرک لوکیشن شیئر کر سکیں گے اور یہ بھی طے کر سکیں گے کہ کون ان کی لوکیشن دیکھ سکتا ہے۔ مخصوص جگہوں کی لوکیشن شیئرنگ بند کرنے کا اختیار بھی دستیاب ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ میپ کے ذریعے ریلز، پوسٹس اور اسٹوریز دیکھنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
تیسرا نیا اضافہ “فرینڈز ٹیب” ہے، جو اب عالمی سطح پر پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ ٹیب ریلز کے اوپر ظاہر ہوگا اور صارفین کے کانٹیکٹس کی پبلک پوسٹس اور مواد کو دکھائے گا۔ یہ فیچر پہلے محدود صارفین کے لیے دستیاب تھا، لیکن اب تمام صارفین اسے استعمال کر سکیں گے۔ یہ تمام فیچرز انسٹاگرام پر صارفین کے باہمی تعلق کو مزید گہرا کرنے کے لیے متعارف کرائے گئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں