اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شیزا فاطمہ نے “اسمارٹ فون سب کے لیے” پالیسی کے تحت عوام کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اب تمام شہریوں کو آسان اقساط پر اسمارٹ فونز فراہم کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیزا فاطمہ نے بتایا کہ حکومت ایسی پالیسی مرتب کر رہی ہے جس کے تحت ہر شہری کو موبائل فون تک آسان رسائی حاصل ہوگی، تاکہ ہر فرد ڈیجیٹل دنیا سے جڑ سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام حکومت کے اس وژن کا حصہ ہے جس کے تحت جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیم اور ہنر کے فروغ کو ممکن بنایا جا رہا ہے۔ سستے اسمارٹ فونز ڈیجیٹل رسائی کو یقینی بنانے اور جامع سیکھنے کے مواقع فراہم کرنے کا ذریعہ بنیں گے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ نوجوانوں، طلباء اور خواتین کو سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حکومت نوجوانوں کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی جیسے اہم شعبوں میں آگے بڑھنے کے مواقع دے رہی ہے۔
شیزا فاطمہ نے DigiSkills پروگرام کا بھی ذکر کیا، جس کے تحت گزشتہ ایک سال میں ایک لاکھ نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت دی گئی۔ مزید برآں، حکومت نے اس سال 10 لاکھ طلباء کو مصنوعی ذہانت (AI) کی تعلیم دینے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام عوامی مقامات کو خواتین کے لیے محفوظ بنایا گیا ہے تاکہ وہ قومی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں