انسٹاگرام نے لائیو اسٹریمنگ سے متعلق اپنے صارفین کے لیے ایک اہم تبدیلی متعارف کروائی ہے، جس کے تحت اب صرف وہی صارفین اس فیچر سے فائدہ اٹھا سکیں گے جن کے فالوورز کی تعداد کم از کم ایک ہزار ہو اور ان کا اکاؤنٹ پبلک ہو۔
یاد رہے کہ اس سے قبل انسٹاگرام پر ہر صارف، چاہے اس کے فالوورز ہوں یا نہیں، لائیو اسٹریمنگ کرسکتا تھا۔
کمپنی نے کم فالوورز رکھنے والے صارفین کو نوٹس جاری کیے ہیں جن میں انہیں مطلع کیا گیا ہے کہ ان کے اکاؤنٹس اب لائیو اسٹریمنگ کے اہل نہیں رہے۔
نوٹس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ:
“ہم نے لائیو اسٹریمنگ کی اہلیت کے معیار کو تبدیل کیا ہے، اور اب صرف وہ پبلک اکاؤنٹس جن کے فالوورز ایک ہزار یا اس سے زیادہ ہوں، لائیو ویڈیوز نشر کر سکیں گے۔”
انسٹاگرام نے اس بات کی بھی وضاحت کی ہے کہ یہ کسی تکنیکی مسئلے کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک سوچا سمجھا فیصلہ ہے، جس کا مقصد پلیٹ فارم پر لائیو اسٹریمنگ کے تجربے کو بہتر بنانا ہے۔
دوسری جانب، کم فالوورز رکھنے والے صارفین اور پرائیویٹ اکاؤنٹس کے مالکان نے اس فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
دلچسپ پہلو یہ ہے کہ انسٹاگرام کی یہ نئی پالیسی ٹک ٹاک سے مماثلت رکھتی ہے، جہاں بھی لائیو اسٹریمنگ کے لیے فالوورز کی ایک مخصوص حد درکار ہوتی ہے۔ اس کے برعکس، فیس بک پر لائیو اسٹریمنگ کے لیے صرف 100 فالوورز اور یوٹیوب پر محض 50 سبسکرائبرز کافی ہوتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں