ایپل کے آنے والے فلیگ شپ اسمارٹ فونز، آئی فون 17 پرو اور آئی فون 17 پرو میکس سے متعلق اہم تفصیلات لیک ہوگئیں ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ ڈیوائسز ستمبر 2025 کے آخر میں متعارف کرائی جائیں گی اور ان میں کئی دلچسپ ڈیزائن تبدیلیوں اور فیچرز کی توقع ہے۔
آئی فون 17 پرو ماڈلز میں ٹائٹینیم فریم کی جگہ ایلومینیم فریم استعمال کیا جائے گا جو ہلکا اور پائیدار ہوگا جبکہ بیک پینل پر ایلومینیم اور گلاس کا جدید امتزاج ہوگا جس میں نچلا حصہ گلاس کا رہے گا تاکہ وائرلیس چارجنگ کی سہولت برقرار رہے۔
تمام آئی فون 17 ماڈلز میں ری ڈیزائن شدہ ڈائنامک آئی لینڈ انٹرفیس شامل ہوگا، جو ممکنہ طور پر سائز میں چھوٹا اور بہتر ہوگا۔
نئے ماڈلز میں پیچھے کی جانب بڑا مستطیل کیمرا بمپ ہوگا جس میں تینوں لینسز کی ترتیب مثلثی (triangular) ہوگی۔
آئی فون 17 پرو اور پرو میکس میں 48 میگا پکسل کا ٹیلی فوٹو لینس شامل کیا جائے گا جبکہ فرنٹ کیمرا 24 میگا پکسل کا ہوگا جو اعلیٰ معیار کی سیلفیز اور ویڈیو کالز کے لیے بہترین ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق کیمرہ سسٹم 8K ویڈیو ریکارڈنگ اور ڈوئل ویڈیو موڈ کو بھی سپورٹ کرے گا۔
آئی فون 17 پرو ماڈلز ایپل کے جدید A19 پرو چپ سے لیس ہوں گے جو TSMC کے جدید 3nm پروسیس پر بنائی جائے گی۔
یہ چپ بہتر کارکردگی اور توانائی کی بچت کے ساتھ 12 جی بی ریم کے ساتھ آئے گی جو ایپل انٹیلی جنس فیچرز کو سپورٹ کرے گی۔
آئی فون 17 پرو میکس میں 5,000mAh سے زائد کی بیٹری متوقع ہے جو پچھلے ماڈل کے مقابلے میں طویل بیٹری لائف فراہم کرے گی۔
لیک کے مطابق آئی فون 17 پرو ماڈلز میں Qi 2.2 اسٹینڈرڈ کے ساتھ تیز وائرلیس چارجنگ (25W تک) اور ممکنہ طور پر 7.5W ریورس وائرلیس چارجنگ کی سہولت بھی شامل ہوگی۔
نئے رنگوں میں پپایا اورنج اور ڈارک بلیو شامل ہوں گے، جو صارفین کو زیادہ پرکشش اختیارات دیں گے۔
آئی فون 17 سیریز کا اعلان روایتی طور پر ستمبر میں متوقع ہے اور یہ ڈیوائسز ایپل کے سالانہ ایونٹ کے دوران متعارف کرائی جائیں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں