ٹک ٹاک کی پاکستان میں سیلابی موسم کے دوران غلط معلومات سے نمٹنے کیلئے ہدایات جاری

مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے پاکستان میں مون سون کے دوران ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر صارفین کے تحفظ اور درست معلومات کی فراہمی کے لیے ایک نیا سرچ گائیڈ فیچر متعارف کرا دیا ہے۔

کمپنی کے جاری کردہ بیان کے مطابق، اس اقدام کا مقصد پلیٹ فارم پر تصدیق شدہ اور حقائق پر مبنی معلومات کی ترویج ہے تاکہ قدرتی آفات سے متعلق غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

ٹک ٹاک پر جب کوئی صارف سیلاب سے متعلق معلومات تلاش کرے گا تو اسے ایک نمایاں بینر نظر آئے گا، جو صارف کو معتبر ذرائع سے معلومات کی تصدیق کرنے کی ترغیب دے گا۔

اس گائیڈ کے ذریعے صارفین کو براہِ راست نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کی تصدیق شدہ معلومات تک رسائی حاصل ہوگی۔ علاوہ ازیں، اس میں ٹک ٹاک سیفٹی سینٹر اور ٹریجک ایونٹ سپورٹ گائیڈ کے لنکس بھی شامل کیے گئے ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو عملی مدد اور ذہنی معاونت فراہم کی جا سکے۔

گائیڈ میں یہ بھی وضاحت کی گئی ہے کہ “سانحہ” کن قسم کے واقعات کو کہا جاتا ہے، جن میں قدرتی آفات، حادثات اور ذاتی نقصانات شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ فیچر صارفین کو سکھاتا ہے کہ ایسے حساس مواد کو ذمہ داری سے کیسے شیئر یا رپورٹ کیا جائے۔

ٹک ٹاک پاکستان کے پبلک پالیسی اور گورنمنٹ ریلیشنز کے سربراہ فہد محمد خان نیازی نے کہا:

“ہم سمجھتے ہیں کہ بحران کے وقت بروقت اور درست معلومات تک رسائی نہایت اہم ہوتی ہے۔ ہمارا مقصد ایسے اداروں سے شراکت داری کے ذریعے، جو آفات سے نمٹنے میں براہ راست شامل ہیں، صارفین کو باخبر فیصلے کرنے میں مدد دینا اور ان کی سلامتی یقینی بنانا ہے۔”

ٹک ٹاک کا یہ نیا فیچر سوشل میڈیا پر معلوماتی ذمہ داری اور عوامی خدمت کی ایک اہم مثال کے طور پر سامنے آیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close