وفاقی وزارتوں کا سائبر سیکیورٹی نظام کیسا ہے؟ آڈٹ مکمل

ڈیجیٹل پاکستان کے تحفظ کے حوالے سے حکومت نے اہم پیش رفت حاصل کر لی ہے۔ وزارت آئی ٹی نے 15 وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کا سائبر سیکیورٹی آڈٹ مکمل کر لیا ہے، جس کا مقصد اہم ڈیجیٹل اثاثوں کو محفوظ بنانا اور سائبر حملوں سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہے۔

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے “سائبر سیکیورٹی فار ڈیجیٹل پاکستان” منصوبے کے تحت 15 سرکاری اداروں کا سیکیورٹی سسٹم جانچنے کے بعد آڈٹ رپورٹ تیار کی ہے۔

دستاویز کے مطابق اب تک 800 سے زائد سائبر حملے ناکام بنائے جا چکے ہیں، جب کہ ان حملوں سے نمٹنے کے لیے 60 سائبر سیکیورٹی ایڈوائزریز بھی جاری کی گئیں۔ اس کے علاوہ نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (NCERT) قائم کی گئی ہے تاکہ ہنگامی حالات میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔

وفاقی اور صوبائی سطح پر اب تک 56 تربیتی سیشنز منعقد کیے جا چکے ہیں، جبکہ 15 سے زائد خصوصی ورکشاپس، ہیکاتھونز اور بوٹ کیمپس بھی منعقد کیے گئے ہیں تاکہ نوجوانوں اور ماہرین کو جدید سیکیورٹی مہارتیں سکھائی جا سکیں۔

اس کے ساتھ ساتھ سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے 15 گائیڈ لائنز جاری کی گئیں اور یونیورسٹیوں، تھنک ٹینکس اور سیکیورٹی فرمز کے ساتھ 20 تعاون کے معاہدے کیے گئے ہیں، تاکہ سائبر تحفظ کو مزید مؤثر اور پائیدار بنایا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close