یوٹیوب نے اپنے شارٹس پلیٹ فارم کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی جدید ٹولز متعارف کرا دیے ہیں، جن کا مقصد شارٹس ویڈیوز کی تخلیق کو زیادہ آسان، تخلیقی اور صارف دوست بنانا ہے۔
نئے فیچرز میں “فوٹو ٹو ویڈیو” کا ٹول نمایاں ہے، جس کی مدد سے صارفین اپنے موبائل کی تصاویر کو انیمیٹڈ شارٹس ویڈیوز میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ ان ویڈیوز میں کردار حرکت کرتے دکھائی دیں گے اور مختلف ایفیکٹس و ٹیمپلیٹس کا استعمال بھی ممکن ہوگا۔
یہ فیچر فی الحال امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں دستیاب ہے، تاہم یوٹیوب کا کہنا ہے کہ اسے رواں سال کے دوران دنیا بھر میں متعارف کرا دیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق یہ AI ٹولز ویڈیو مواد کی تیاری کو نہ صرف آسان بلکہ دلچسپ بھی بنا دیں گے۔
یوٹیوب نے نئے AI جنریٹیو ایفیکٹس بھی شامل کیے ہیں جن کی بدولت صارفین زیرِ آب مناظر تخلیق کر سکتے ہیں یا ایک سیلفی کو جڑواں شکل میں تبدیل کر سکتے ہیں۔
یہ تمام ٹولز گوگل کے ویو 2 (Veo 2) ماڈل پر چلیں گے اور جلد ہی ویو 3 (Veo 3) سے اپ گریڈ کر دیے جائیں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ یوٹیوب نے “AI پلے گراؤنڈ” کے نام سے ایک نیا ہب بھی متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جہاں صارفین مختلف جنریٹیو AI ٹولز کو آزما سکیں گے۔
یہ ہب یوٹیوب ایپ میں موجود “Create” بٹن پر کلک کر کے کھولا جا سکے گا، تاہم یہ سہولت آئندہ چند ہفتوں میں دستیاب ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں