میٹا نے انسٹاگرام پر کم عمر صارفین کی حفاظت کے لیے کئی نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں، جن کا اعلان ایک حالیہ بلاگ پوسٹ میں کیا گیا۔
کمپنی کے مطابق ڈائریکٹ میسجز (ڈی ایمز) کے حوالے سے اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں تاکہ نوجوان صارفین کو ممکنہ خطرات سے بچایا جا سکے۔ ان نئے فیچرز کی مدد سے صارفین موصول ہونے والے پیغامات کے تناظر کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں گے اور مشتبہ یا فراڈ کرنے والے افراد کی شناخت کر سکیں گے۔ اب کم عمر صارفین کو ڈی ایمز میں اضافی آپشنز فراہم کیے جائیں گے، جن کے ذریعے وہ کسی بھی مشتبہ اکاؤنٹ کو بلاک یا رپورٹ کر سکیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ نئے چیٹ میسجز میں یہ معلومات بھی واضح طور پر ظاہر کی جائے گی کہ میسج بھیجنے والے نے کس سال انسٹاگرام جوائن کیا تھا۔
میٹا کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹ میسجز میں نئے بلاک اور رپورٹ فیچرز صارفین کو بیک وقت متعدد مشتبہ اکاؤنٹس کو بلاک اور رپورٹ کرنے کی سہولت فراہم کریں گے۔ ابتدائی طور پر یہ فیچرز صرف انسٹاگرام پر دستیاب ہوں گے، تاہم مستقبل میں انہیں فیس بک میسنجر پر بھی متعارف کرانے کا ارادہ ہے۔ اس کے علاوہ سیفٹی اور لوکیشن نوٹسز کے فیچرز انسٹاگرام اور فیس بک دونوں پلیٹ فارمز پر فعال کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ انسٹاگرام پر 13 سے 17 سال کے صارفین کے اکاؤنٹس کو ’ٹین اکاؤنٹس‘ قرار دیا جاتا ہے، جن پر پہلے سے ہی مختلف حفاظتی پابندیاں لاگو ہوتی ہیں تاکہ نوجوانوں کو محفوظ آن لائن ماحول فراہم کیا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں