ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون ممکنہ طور پر 2026 میں متعارف کرایا جائے گا، اور اب ایک نئی لیک میں اس منفرد اسمارٹ فون سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق، یہ فولڈ ایبل آئی فون ایپل کی تاریخ کا سب سے طاقتور بیٹری والا فون ہو سکتا ہے، جس میں 5000 سے 5500 ایم اے ایچ کی بیٹری شامل ہونے کا امکان ہے۔ اس سے قبل، آئی فون 16 پرو میکس میں ایپل نے سب سے بڑی 4685 ایم اے ایچ بیٹری فراہم کی تھی۔
لیک میں بتایا گیا ہے کہ فولڈ ایبل آئی فون کی قیمت ایپل کے دیگر ماڈلز کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہوگی۔ چین میں اس کی متوقع قیمت 15,000 یوان یعنی تقریباً 2,090 امریکی ڈالر ہوگی، جبکہ دیگر ممالک میں اس کی قیمت اس سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔
جون 2025 میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ یہ نیا فولڈ ایبل آئی فون 2026 کی دوسری ششماہی میں پیش کیا جا سکتا ہے۔ یہ فون لچکدار OLED ڈسپلے سے لیس ہوگا جو بار بار کھولنے اور بند کرنے کے باوجود خراب نہیں ہوگا۔
فون میں ایک طاقتور نیا پروسیسر اور جدید ترین کیمرا سسٹم متوقع ہے۔ آئی فونز کی لیکس کے حوالے سے معروف تجزیہ کار منگ چی کیو کا کہنا ہے کہ یہ فولڈ ایبل ماڈل ممکنہ طور پر آئی فون 18 سیریز کے ساتھ ستمبر 2026 میں لانچ کیا جا سکتا ہے۔
افواہوں کے مطابق، یہ فون “بک اسٹائل” ڈیزائن پر مبنی ہوگا، یعنی صارف اسے کتاب کی طرح کھول یا بند کر سکیں گے۔ کیمرا ممکنہ طور پر ڈسپلے کے اندر نصب ہوگا، جبکہ ڈسپلے کا سائز 7.9 سے 8.3 انچ کے درمیان ہو سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں