یوٹیوب صارفین عجیب مشکل کا شکار ہو گئے

 

گوگل نے 2020 میں یوٹیوب شارٹس کو ٹک ٹاک سے مقابلے کے لیے متعارف کرایا تھا۔ان مختصر ویڈیوز کو روزانہ کروڑوں افراد دیکھتے ہیں مگر آج کل صارفین کو یوٹیوب میں عجیب مسئلے کا سامنا ہو رہا ہے۔سوشل میڈیا سائٹ ریڈیٹ میں متعدد افراد نے رپورٹ کیا ہے جب وہ فون میں یوٹیوب ایپ اوپن کرتے ہیں تو ہوم پیج کی بجائے براہ راست شارٹس ٹیب اوپن ہو جاتی ہے اور ویڈیوز آٹو پلے ہو جاتی ہیں۔

یہ یوٹیوب میں کسی بگ (bug) کی وجہ سے ہو رہا ہے اور کئی ہفتوں سے صارفین کو اس مسئلے کا سامنا ہو رہا ہے۔یعنی جب صارف ایپ اوپن کرتا ہے تو وہ شارٹس ویڈیو پلے ہو جاتی ہے جو ایپ بند ہونے سے قبل آخری بار دیکھی ہوتی ہے اور ہوم پیج اوپن نہیں ہوتا۔9 ٹو 5 گوگل کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ درحقیقت بیشتر افراد کے پاس تو شارٹس ویڈیوز اس وقت بھی آٹو پلے ہو جاتی ہیں جب انہوں نے آخری بار اسے دیکھا بھی نہیں ہوتا۔ایسا یوٹیوب کو ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین کے ساتھ بھی ہو رہا ہے۔

ابھی یہ بھی واضح نہیں کہ ایسا واقعی کسی معمولی تکنیکی خرابی کی وجہ سے ہو رہا ہے یا کمپنی کی جانب سے ایسا دانستہ طور پر کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد یوٹیوب شارٹس کو دیکھ سکیں۔یعنی ایسے افراد بھی ان مختصر ویڈیوز کا تجربہ کرسکیں جو عموماً شارٹس دیکھنا پسند نہیں کرتے۔اگر آپ اینڈرائیڈ صارفین ہیں اور یوٹیوب کے اس مسئلے کا سامنا ہو رہا ہے تو اس کا ایک حل بھی ہے۔

9 ٹو 5 گوگل کے مطابق یوٹیوب کی اسٹوریج / cache فائلز کو کلیئر کرنے سے اس مسئلے سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ اس مسئلے کا سامنا پھر اس وقت ہوگا جب آپ شارٹس کو دوبارہ اوپن کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close