ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نے دنیا بھر میں مقبول شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک خریدنے کے منصوبے کے بارے میں بتا دیا۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق ارب پتی ایلون مسک کا کہنا ہے کہ وہ ٹک ٹاک خریدنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ قومی سلامتی کو لاحق خطرات کی وجہ سے امریکا اس ایپ پر پابندی لگانے کی کوشش کر رہا ہے۔ایلون مسک کا حالیہ بیان دی ویلٹ گروپ کی طرف سے آن لائن جاری کیا گیا جو انہوں نے ویڈیو لنک پر ایک سمٹ میں دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ٹک ٹاک کیلیے کوئی بولی نہیں لگائی۔
ایک ہفتہ قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اگر ایلون مسک چینی ایپ کو خریدنا چاہیں تو میں اس کی حمایت کروں گا۔ایلون مسک کہتے ہیں کہ ٹک ٹاک کیلیے میرے پاس کوئی خاص منصوبہ نہیں ہے، میں اس کو ذاتی طور پر استعمال نہیں کرتا اور اس کے فارمیٹ سے واقف بھی نہیں ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ٹک ٹاک کا مالک بننے کیلیے فی الحال کچھ نہیں کر رہا، عام طور پر میں کمپنیاں نہیں خریدتا بلکہ شروع سے کمپنیاں بناتا ہوں۔قبل ازیں، ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے تھے جس میں شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپ پر پابندی لگانے کی تاریخ میں توسیع کی گئی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں