واٹس ایپ میں ڈاکومنٹس یا دستاویزات کو شیئر کرنے کا عمل سادہ بنانے کے لیے ایک بہترین فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین بہت آسانی سے دستاویزات کو ایپ کے اندر رہتے ہوئے اسکین کرسکیں گے۔ یہ نیا فیچر واٹس ایپ کے آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے بیٹا (beta) ورژن میں سامنے آیا ہے اور محدود افراد کو دستیاب ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس فیچر کو دستاویزات کی شیئرنگ کے مینیو کا حصہ بنایا گیا ہے۔اس اضافے کے بعد صارفین ڈیوائس کے کیمرے سے کسی بھی دستاویز کو اسکین کرسکیں گے اور انہیں کسی اسکیننگ ٹول یا ایپ کی ضرورت نہیں رہے گی۔یہ فیچر ان صارفین کے لیے کارآمد ثابت ہوگا جن کو کوئی دستاویز کسی کے ساتھ شیئر کرنا ہوتی ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ جب صارف کی جانب سے ڈاکومنٹ شیئرنگ مینیو اوپن کیا جائے گا تو وہ وہاں اسکین آپشن کا انتخاب کرسکیں گے۔
اس آپشن کو منتخب کرنے پر کیمرا متحرک ہوگا جس کے بعد دستاویز کو اسکین کیا جاسکے گا۔اسکین کے بعد صارفین اس کا پریویو بھی دیکھ سکیں گے اور اس کے مطابق تبدیلیاں کرسکیں گے۔ایپ کی جانب سے خودکار طور پر مارجن سجیسٹ کیا جائے گا مگر صارفین اسے اپنی مرضی کے مطابق ایڈجسٹ کرسکیں گے۔جب صارف اسکین سے مطمئن ہو جائے گا تو پھر وہ انفرادی یا گروپ چیٹ میں اسے سینڈ کرسکے گا۔
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ اس فیچر میں اسکیننگ کا معیار بہترین ہوگا اور دستاویزات کو آسانی سے پڑھنا ممکن ہوگا۔جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے تو یہ کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوگا، ابھی اس بارے میں کچھ کہنا مشکل ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں