اگر آپ آئندہ چند ماہ میں کہیں گھومنے جانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو سستی سیاحت کے لیے گوگل سے مدد لیں۔جی ہاں واقعی گوگل نے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کا مقصد لوگوں کو آگاہ کرنا ہے کہ وہ کم از کم کتنی قیمت پر فضائی سفر کر سکتے ہیں۔گوگل نے فلائٹس سرچ انجن کے لیے یہ نیا فیچر متعارف کرایا ہے۔
اس مقصد کے لیے فلائٹس سرچ انجن میں ایک نئے ٹیب کا اضافہ کیا گیا ہے تاکہ صارفین فلائٹ شیڈول سرچ میں وقت ضائع کرنے کی بجائے صرف سستے ترین (cheapest) آپشنز کو دیکھ سکیں۔گوگل کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ متعدد فیسوں اور فیچرز کی جانچ پڑتال کرنے کی بجائے آپ براہ راست cheapest آپشنز کے ٹیب پر کلک کریں۔
اس ٹیب میں آپ دیکھ سکیں گے کہ فضائی کمپنیوں اور تھرڈ پارٹی بکنگ سائٹس کتنی کم قیمت پر سفر کی سہولت فراہم کر رہی ہیں۔یہ فیچر سب سے پہلے امریکا میں متعارف کرایا جا رہا ہے مگر بتدریج یہ آپشن دنیا بھر میں لوگوں کو دستیاب ہوگا۔
کمپنی کے مطابق اس فیچر سے فضائی سفر میں بچت کرنے میں مدد مل سکے گی جبکہ دورے کے لیے چیزوں کی منصوبہ بندی کرنا آسان ہو جائے گا۔خیال رہے کہ گوگل فلائٹس میں پہلے ہی فضائی سفر کی قیمتوں کے بارے میں بتایا جاتا ہے مگر اب تک وہاں متعدد آپشنز موجود ہوتے ہیں جن میں اپنی پسند کے سفری پلان کو تلاش کرنے میں کافی وقت لگتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں