اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں آپ اپنے فون کی لائیو لوکیشن متعدد ذرائع سے شیئر کرسکتے ہیں۔ان میں سے ایک ذریعہ گوگل میپس ایپ بھی ہے۔گوگل کی جانب سے اب اسی فیچر کو براہ راست اینڈرائیڈ کا حصہ بنایا جا رہا ہے، یعنی آپ فون کے سیٹنگز مینیو سے ہی لائیو لوکیشن کو شیئر کرسکیں گے۔
ایک رپورٹ کے مطابق گوگل پلے سروسز کے تازہ ترین ورژن میں یہ فیچر سامنے آیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اینڈرائیڈ ڈیوائسز کی سیٹنگز میں جاکر گوگل اور پھر آل سروسز میں جاکر گوگل لوکیشن شیئرنگ پر کلک کریں۔یہ ایک نیا پیج ہے جس میں یوز لوکیشن شیئرنگ آن اینڈ آف کا آپشن نظر آئے گا جسے آپ ٹرن آن یا آف کرسکتے ہیں۔
جب آپ اس سیٹنگ کو ٹرن آن کرتے ہیں تو پھر لائیو لوکیشن کا لنک کاپی کرنے کا آپشن نظر آئے گا۔آپ اس لنک کو اپنے قریبی افراد سے شیئر کرسکتے ہیں جو آپ کو گوگل میپس پر ٹریک کرسکتے ہیں۔وہاں آپ یہ بھی دیکھ سکتے ہیں کہ کن افراد کو آپ کی لوکیشن تک رسائی حاصل ہے جبکہ آپ اس فیچر جب ٹرن آن کریں گے تو اینڈرائیڈ ڈیوائس میں ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا کہ آپ اپنی لوکیشن شیئر کر رہے ہیں۔
یہ فیچر ابھی تمام صارفین کو دستیاب نہیں بلکہ اسے بتدریج متعارف کرایا جا رہا ہے۔یعنی آپ کو اسے استعمال کرنے کے لیے چند دن یا ہفتوں کا انتظار کرنا پڑسکتا ہے۔ابھی یہ واضح نہیں کہ جب اینڈرائیڈ لوکیشن شیئرنگ فیچر تمام صارفین کو دستیاب ہوگا تو پھر گوگل میپس میں لائیو لوکیشن شیئرنگ آپشن کا کیا ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں