چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے حکم دیا ہے کہ فائر وال لگائی جائے، پی ٹی اے اس پر عمل کر رہا ہے،
سسٹم کی اپ گریڈیشن سے انٹرنیٹ میں کوئی خلل نہیں بلکہ سب میرین کیبل میں فالٹ ہے جس سے انٹرنیٹ متاثر ہے، جو 27 اگست تک ٹھیک ہونے کا امکان ہے۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مرکزی کمیٹی کے رکن و رکن قومی اسمبلی سید امین الحق کی زیرِ صدارت قائمہ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ موبائل کمپنیوں کے انضمام سے کوالٹی آف سروس انتہائی متاثر ہوئی، پی ٹی اے موبائل فون آپریٹرز بڑھانے کیلئے اقدامات کرے۔
رکن کمیٹی نے سوال کیا کہ سیکیورٹی خدشات پر سروس بندہے تو بتایا جائے کب بحال ہوگی، پی ٹی اے کوئی جواب نہیں دے رہا، کیا ہم پاکستانی نہیں۔اجلاس میں سید امین الحق نے سوال کیا کہ بتایا جائے انٹرنیٹ سروس کیوں متاثر ہیں؟ فائروال لگا ہے یا نہیں؟ میڈیا کو پی ٹی اے آگاہی دے تاکہ عوام کو آگاہ کیا جاتا رہے۔چیئرمین پی ٹی اے نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وفاقی حکومت نے حکم دیا ہے کہ فائر وال لگائی جائے، پی ٹی اےعمل کررہا ہے، یہ معلوم نہیں فائروال کی وجہ سے سسٹم سست ہوا، فائروال کی اپ گریڈیشن پہلی بار نہیں ہورہی مگر فائروال سے متعلق مکمل وضاحت وفاقی حکومت دے سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب میرین کیبل میں فالٹ ہے، ممکنہ طور پر اس کی وجہ سے انٹرنیٹ متاثر ہو، سب میرین کیبل 27 اگست تک ٹھیک ہوسکتی ہے اور اس کے ٹھیک ہونے میں وقت بھی لگ سکتا ہے۔چیئرمین پی ٹی اے نے یہ بھی کہا کہ دنیا میں ٹیلی کام کمپنیاں انضمام کرتی ہیں، کوالٹی آف سروس کا میکنزم لاگو ہے، 2023 میں 192 کوالٹی آف سروس سروے کیے، جہاں سروس کا معیار کم ہو، کمپنی کو جرمانے کرتے ہیں۔انہوں نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا کہ اپریل 2025 میں فائیو جی کی نیلامی ہونے جارہی ہے، اس نیلامی میں نئی کمپنیوں کو لانے کی کوشش کررہے ہیں۔دوران اجلاس عمر ایوب نے سوال کیا کہ یہ جوبھی سسٹم ہے ہمیں بتایا جائے اسکی رسائی کہاں تک ہو گی؟ کیا خفیہ اداروں کے پاس ایسی قابلیت ہےکہ پوچھے بغیر کسی سسٹم کو بلاک کرسکتےہیں؟ اگر کررہے ہیں تو اس کی تفصیلات دی جائیں۔ اس پر چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ اس کا جواب حکومت دے سکتی ہے۔چیئرمین قائمہ کمیٹی سید امین الحق نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی اے فائیوجی پر لیڈ لیں اور اس منصوبے کو مکمل کریں، ہم فائیو جی کو ہر گاؤں دیہات تک لے کرجائیں گے، کوئی بھی شخص پابندی کے حق میں نہیں ہے پابندی ترقی کو روکتی ہے، پب جی، ٹک ٹاک، ایکس بند کردیا، ہم نے ہمیشہ اس کی مخالفت کی، ایکس ہو یا کوئی اور ایپلیکشن ،پابندی نہیں ہونی چائیے۔کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں اسلام آباد اور کراچی آئی ٹی پارکس پر پیشرفت سے متعلق، انٹرنیٹ میں خلل سے نقصانات کی رپورٹ اور سیکرٹری آئی ٹی سے فائروال پر تکنیکی بریفنگ طلب کرلی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں