ویب ڈیسک (پی این آئی)واٹس ایپ میں آئی فون کے ائیر ڈراپ جیسے فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
اس فیچر کو سب سے پہلے اپریل 2024 میں واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا (beta) ورژن میں دیکھا گیا تھا۔اب اس کی آزمائش آئی او ایس بیٹا ورژن میں شروع کی گئی ہے اور اس کا نام نیئر بائی شیئر رکھا گیا ہے۔WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق اس فیچر سے صارفین مختلف فائلز جیسے تصاویر، ویڈیوز اور ٹیکسٹ ڈاکومنٹس انٹرنیٹ کے بغیر قریب موجود اسمارٹ فونز سے شیئر کرسکیں گے۔جی ہاں واقعی انٹرنیٹ کنکشن کے بغیر بھی واٹس ایپ کے ذریعے فائلز کو دیگر اسمارٹ فونز سے شیئر کرنا ممکن ہو جائے گا۔
یہ فیچر بہت کارآمد ثابت ہوگا کیونکہ اس کے ذریعے ناقص انٹرنیٹ کوریج یا انٹرنیٹ نہ ہونے پر بھی بڑی فائلز دوستوں یا پیاروں کیساتھ شیئر کی جاسکیں گی۔البتہ اینڈرائیڈ کے مقابلے آئی فونز میں یہ فیچر ذرا مختلف انداز سے کام کرے گا۔اینڈرائیڈ پر یہ فیچر ائیر ڈراپ کی طرح ہی کام کرے گا۔اس کے مقابلے میں آئی فونز میں اس فیچر کے لیے ضروری ہوگا کہ صارفین ایک کیو آر کوڈ کو اسکین کریں۔یہ ابھی واضح نہیں کہ آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ نے کیو آر کوڈز کا انتخاب کیوں کیا۔
نئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ فیچر اسی وقت کام کرے گا جب دیگر افراد کی جانب سے شیئر کی درخواست کو منظوری دی جائے گی۔اس فیچر کے تحت صرف ان افراد سے فائلز شیئر کرنا ممکن ہوگی جو صارف کی کانٹیکٹ لسٹ میں موجود ہوں گے۔تمام شیئر فائلز کو انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا تاکہ کسی تیسرے کی ان تک رسائی نہ ہوسکے۔ابھی اس فیچر کی آزمائش بیٹا ورژن میں ہو رہی ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ کب تک اسے تمام افراد کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں