واٹس ایپ میں ایک دلچسپ نیا فیچر متعارف کرا دیا گیا

کراچی(پی این آئی) واٹس ایپ میں ایک ایسا نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے جو اب تک اس میسجنگ پلیٹ فارم میں موجود نہیں تھا۔

wabetainfo کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا (beta) ورژن میں وائس میسج ٹرانسکرپشن نامی فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔جیسا نام سے عندیہ ملتا ہے اس فیچر سے وائس میسجز کو تحریری شکل میں پڑھنا ممکن ہو جائے گا۔یہ فیچر اس سے قبل مئی 2023 میں آئی او ایس ڈیوائسز کے بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا تھا اور اب اسے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے پیش کیا گیا ہے۔یہ فیچر ایسے صارفین کے لیے کارآمد ثابت ہوگا جن کی حس سماعت زیادہ بہتر نہیں ہوتی اور انہیں سننے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔اگر آپ کے پاس وقت نہ ہو اور وائس میسج کا مواد جاننا چاہتے ہیں تو اس صورت میں بھی یہ فیچر مددگار ثابت ہوگا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ فیچر ابھی محدود بیٹا صارفین کو دستیاب ہے اور بتدریج اسے توسیع دی جائے گی۔رپورٹ میں اس فیچر کا ایک اسکرین شاٹ بھی کیا گیا جس سے عندیہ ملتا ہے کہ وائس میسجز کو انگلش، ہسپانوی، پرتگیز (برازیل)، روسی اور ہندی زبانوں میں تبدیل کرنا ممکن ہوگا۔مستقبل قریب میں فیچر کے لیے مزید زبانوں کی سپورٹ بھی فراہم کی جا سکتی ہے۔

جب آپ وائس میسج ٹرانسکرپٹ کرنے کے لیے کسی زبان کا انتخاب کریں گے تو واٹس ایپ میں اضافی ڈیٹا پیکج ڈاؤن لوڈ ہوگا تاکہ آپ کی پرائیویسی کا تحفظ یقینی ہوسکے۔تمام وائس میسجز کا ٹیکسٹ ڈیوائس کے اندر ٹرانسکرپٹ ہوگا یعنی کنٹرول آپ کے پاس ہوگا اور کسی اور کی اس تک رسائی نہیں ہوسکے گی۔جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہو سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں