کراچی(پی این آئی)واٹس ایپ فراڈ کے واقعات میں اضافہ، کیسے بچا جائے؟گزشتہ چند سالوں سے واٹس ایپ فراڈ کے واقعات میں اضافہ ہواہے جس میں صارفین کو مختلف طریقوں سے جعل سازی میں پھنسا کر مالی نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ واٹس ایپ فراڈ کے تحت کئی جعلساز ملازمت کیلئے جعلی پیشکش، صارف کی فیملی یا کسی دوست کا نمبر استعمال کرتے ہوئے مالی امداد یا پھر معروف برانڈز کی چمکتی دمکتی پیش کش کا جھانسہ دے کر مالی نقصان پہنچاتے ہیں۔
لہٰذا واٹس ایپ پر اس فراڈ سے بچنے کیلئے کچھ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔واٹس ایپ پر کسی کو بھی جواب دینے سے پہلے ہمیشہ پیغام بھیجنے والے کی تصدیق کرلیں، خاص طور پر اس وقت جب آپ کسی کو واٹس ایپ میسجز کے ذریعے ذاتی معلومات یا رقم بھیج رہے ہوں۔میسج بھیجنے والے کی تصدیق کیلئے ایک دوسرے نمبر سے اس سے لازمی رابطہ کریں۔پیغامات کی صورت بھیجے گئے لنکس کو کلک کرنے سے گریز کریں۔خاص طور پر ایسے لنکس جو انعامات، ڈسکاؤنٹ جیسی آفرز کے ہوں، یہ لنکس آپ کی ذاتی معلومات چرانے کا باعث بن سکتے ہیں۔واٹس ایپ پر اضافی سکیورٹی کے لیے ٹو اسٹیپ ویری فکیشن فعال کریں،
اس کے بعد آپ کے اکاؤنٹ تک رسائی کے لیے ایک PIN کی ضرورت درکار ہوگی ۔یہی وجہ ہے کہ ٹو اسٹیپ ویری فکیشن کی موجودگی میں جعلسازوں کیلئے آپ کا اکاؤنٹ ہائی جیک کرنا مشکل ہو جاتا ہے چاہے ان کے پاس آپ کا فون نمبر ہی کیوں نہ موجودہو۔ واٹس پر ملازمت کے مواقع، مالی امداد یا انعامات جیسی پیشکش لیے پیغامات سے محتاط رہیں، ایسے پیغامات پر کوئی بھی ذاتی معلومات یا مالی تفصیلات فراہم کرنے سے پہلے آفیشیلز چینلز سے بھی تصدیق کریں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں