ٹک ٹاک میں اہم کارآمد فیچر کا اضافہ کردیا گیا

نیویارک (پی این آئی)ٹک ٹاک نے خاموشی سے ایپ کے ہوم پیج کو ری ڈیزائن کر دیا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک کی جانب سے ہوم پیج پر فالوونگ اور فار یو کے ساتھ ساتھ لوکیشن پیجز کو اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔ویسے تو ٹک ٹاک میں کافی عرصے سے شہروں کے نام کے ساتھ بھی فیڈز دستیاب ہیں مگر اب ان شہروں کی فیڈ میں فوڈ اینڈ ڈرنک، ہوٹلز اور شاپنگ جیسی ذیلی فیڈز کا اضافہ کیا گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ نیا فیچر ابھی امریکا میں متعارف کرایا گیا ہے اور مخصوص شہروں کے صارفین کو دستیاب ہے۔ بوسٹن، نیویارک اور ٹیکساس جیسی لوکیشنز کی فیڈز کی ویڈیوز میں ذیلی فیڈز کا اضافہ کیا گیا ہے تاکہ صارفین کے لیے متعلقہ ویڈیوز کو تلاش کرنا آسان ہو جائے۔اس ری ڈیزائن سے عندیہ ملتا ہے کہ ٹک ٹاک کی جانب سے صارفین کو اپنی پسند کے مواد کو تلاش کرنے میں مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

اس سوشل میڈیا ایپ کی فالوونگ اور فار یو فیڈز میں ہر موضوع پر مبنی ویڈیوز نظر آتی ہیں اور کسی مخصوص مواد کو تلاش کرنے کے لیے سرچ کرنا پڑتا ہے۔مگر اب صارفین مخصوص موضوعات کے لیے مختص فیڈز پر ویڈیوز دیکھ سکیں گے۔اس سے ان کے لیے مختلف مقامات کے بارے میں جاننا بھی آسان ہو جائے گا۔کمپنی کی جانب سے باضابطہ طور پر اس نئی تبدیلی کی تصدیق نہیں کی گئی ہے اور خاموشی سے اسے متعارف کرایا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close