واٹس ایپ نے صارفین کیلئے ایک اور مفید فیچر متعارف کروا دیا

اسلام آباد(پی این آئی)واٹس ایپ کا استعمال دنیا بھر میں 2 ارب سے زائد افراد کرتے ہیں اور میسجنگ کے ساتھ ساتھ اس میں آڈیو و ویڈیو کالز کی سہولت بھی دستیاب ہے۔

میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ میں اب تک آپ ایسے افراد کو وائس کالز نہیں کر سکتے جو آپ کے کانٹیکٹ لسٹ میں شامل نہ ہوں۔ مگر اب لگتا ہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے اس خامی کو دور کیا جا رہا ہے۔ 2023 میں بھی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ واٹس ایپ میں ایک ایسے فیچر پر کام کیا جا رہا ہے جس کی مدد سے صارفین ایسے افراد کو بھی آسانی سے میسجز بھیج سکیں گے جو ان کی کانٹیکٹ لسٹ میں نہیں ہوتے۔ اب تک وہ فیچر تو متعارف نہیں کرایا گیا مگر اب واٹس ایپ میں ان ایپ (in app) ڈائلر پر کام کیا جا رہا ہے۔ WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے بیٹا (beta ورژن) میں یہ نیا فون ڈائلر متعارف کرایا گیا ہے۔

اس اپ ڈیٹ سے قبل واٹس ایپ میں آڈیو کال کرنے کے لیے کانٹیکٹس کو ڈیوائس کی ایڈریس بک میں محفوظ کرنا پڑتا تھا، مگر نئے ڈائلر سے یہ ضرورت ختم ہو جائے گی۔ آسان الفاظ میں اس ڈائلر سے صارفین کے لیے فون نمبر محفوظ کیے بغیر لوگوں کو کال کرنا ممکن ہو جائے گا۔ اس کے لیے کالنگ ٹیب میں ڈائلر کا آئیکون دائیں جانب نیچے نظر آئے گا جس پر کلک کرنے پر فون ڈائلر اوپن ہو جائے گا۔ یعنی وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ کانٹیکٹ لسٹ میں ایسے نمبر شامل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی جن سے ایک یا 2 بار بات کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں