واٹس ایپ چیٹس کے اہم فیچر کو مزید بہتر بنا دیا گیا

ویب ڈیسک (پی این آئی) واٹس ایپ کی جانب سے مسلسل متعدد نئے اور دلچسپ فیچرز پر کام جاری رہتا ہے تاکہ صارفین کو دیگر سروسز کا رخ نہ کرنا پڑے۔

اسی مقصد کے لیے واٹس ایپ میں اپریل 2024 میں چیٹ فلٹرز کا فیچر صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا تھا۔اس فیچر کے تحت واٹس ایپ میں آل، ان ریڈ (unread) اور گروپس کے نام سے 3 چیٹ فلٹرز صارفین کو دستیاب ہیں۔اب میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ کی جانب سے اس فیچر کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق میسجنگ ایپ میں فیورٹ چیٹ فلٹر کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا (beta) ورژن میں اس نئے فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے۔یہ فیچر ایسے صارفین کے لیے مددگار ثابت ہوگا جن کو روزانہ متعدد میسجز موصول ہوتے ہیں اور پسندیدہ کانٹیکٹس کے پیغامات کو ٹریک کرنا مشکل ہوتا ہے۔اس کا ایک حل پن چیٹ بھی ہے مگر اس کے تحت محدود چیٹس کو ہی پن کیا جا سکتا ہے۔

فیورٹ فلٹر سے صارفین کے لیے اہم کانٹیکٹس اور گروپس کے میسجز تک جلد رسائی میں مدد ملے گی مگر اس کے لیے انہیں کانٹیکٹس کو فیورٹس لسٹ میں شامل کرنا ہوگا۔اس کے لیے ایڈ ٹو فیورٹس آپشن میں جانا ہوگا۔ابھی یہ فیچر بیٹا ورژن میں دستیاب ہے تو یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے کب تک صارفین کے لیے متعارف کرایا جا سکتا ہے۔خیال رہے کہ اس وقت دستیاب 3 چیٹ فلٹرز کا آپشن بھی تمام صارفین کو فی الحال دستیاب نہیں بلکہ انہیں بھی بتدریج متعارف کرایا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close