واٹس ایپ نے ایک اور پرائیویسی فیچر متعارف کروا دیا

اسلام آباد(پی این آئی)واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کی پرائیویسی پر بہت زیادہ توجہ مرکوز کی جاتی ہے اور اب اس سلسلے میں مزید پیشرفت کی گئی ہے۔

اسی لیے میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ کی جانب سے چیٹ لاک فیچر کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ چیٹ لاک فیچر مئی 2023 میں موبائل ایپس کے لیے متعارف کرایا گیا تھا جس کے ذریعے مختلف چیٹس کو ایک فولڈر میں محفوظ کیا جاتا ہے۔ لاک کی گئی چیٹس تک رسائی سیکرٹ کوڈ کے ذریعے ہوتی ہے۔ مگر اس فیچر میں ایک خامی ہے اور وہ یہ ہے کہ آپ صرف مین ڈیوائس (main device) میں ہی چیٹس کو لاک کر سکتے ہیں جبکہ لنکڈ ڈیوائسز پر وہ لاک نہیں ہوتیں۔ یعنی اگر آپ دیگر فونز میں واٹس ایپ کے ایک ہی اکاؤنٹ کو استعمال کرتے ہیں تو ان لنکڈ ڈیوائسز میں چیٹ لاک کا استعمال ممکن نہیں ہوتا۔


تاہم اب اس خامی کو دور کیا جا رہا ہے۔ Wabetainfo کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے فیچر کی آزمائش اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے بیٹا (beta) ورژن میں کی جا رہی ہے۔ اس فیچر کے تحت مین ڈیوائس کے ساتھ ساتھ لنکڈ ڈیوائسز پر بھی چیٹ لاک کو استعمال کرنا ممکن ہوگا۔ رپورٹ میں ایک ایک اسکرین شاٹ کے ذریعے دکھایا گیا کہ لنکڈ ڈیوائسز پر لاکڈ چیٹ فولڈر واٹس ایپ کی مین اسکرین کے اوپر نظر آئے گا۔ مگر آپ کے مین واٹس ایپ اکاؤنٹ کا سیکرٹ کوڈ لنکڈ ڈیوائسز پر کام نہیں کرے گا بلکہ تمام ڈیوائسز کے لیے پرائمری ڈیوائس کی سیٹنگز میں جاکر ایک نیا سیکرٹ کوڈ تیار کرنا ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق جب صارف سیکرٹ کوڈ تیار کرلیں گے تو ان کی لاکڈ چیٹس تمام لنکڈ ڈیوائسز کی چیٹ لسٹ سے بھی غائب ہو جائے گی اور ان تک رسائی لاکڈ چیٹس اسکرین کے ذریعے ہی ممکن ہوگی۔ تمام ڈیوائسز میں چیٹ لاک کے اطلاق سے صارفین حساس چیٹس کو دیگر افراد کی نظروں سے بچا سکیں گے، چاہے وہ افراد ڈیوائس کو استعمال ہی کیوں نہ کریں۔ جیسا اوپر درج کیا جا چکا ہے کہ اس فیچر کی آزمائش ابھی بیٹا ورژن میں کی جا رہی ہے تو یہ کہنا مشکل ہے اسے کب تک تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close