اسنیپ چیٹ استعمال کرنے والوں کیلئے خوشخبری

ویب ڈیسک(پی این آئی)اسنیپ چیٹ میں وہ فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جو بیشتر میسجنگ ایپس میں کافی عرصے سے موجود ہے۔

جی ہاں اسنیپ چیٹ کے صارفین اب اپنی چیٹ میسجز کو ایڈٹ کر سکیں گے۔کمپنی کے مطابق یہ فیچر بہت جلد ایپ کا حصہ بننے والا ہے اور ابتدا میں اسنیپ چیٹ پلس کے صارفین کو دستیاب ہوگا۔اس فیچر کے تحت صارفین کے پاس 5 منٹ کا وقت ہوگا جس کے دوران وہ اپنے میسج کو ایڈٹ کر سکیں گے۔جو میسج ایڈٹ کیے جائیں گے ان پر ایک لیبل موجود ہوگا جس سے عندیہ ملے گا کہ اس میسج کو پوسٹ کرنے کے بعد تبدیل کیا گیا ہے۔کمپنی کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ فیچر کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوگا مگر عموماً اسنیپ چیٹ کے نئے خصوصی فیچرز پہلے سبسکرپشن سروس استعمال کرنے والوں کو دستیاب ہوتے ہیں، جس کے بعد عام صارفین کے لیے متعارف کرائے جاتے ہیں۔

خیال رہے کہ اسنیپ چیٹ پلس کے صارفین کی تعداد 90 لاکھ سے زائد ہے۔میسج ایڈیٹنگ کے ساتھ ساتھ اسنیپ چیٹ میں مزید فیچرز بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں جو تمام صارفین کو دستیاب ہوں گے۔کمپنی کی جانب سے چیٹس کے لیے ایموجی ری ایکشنز کو بہتر بنایا جا رہا ہے جبکہ اب مائی اے آئی اسسٹنٹ کو ریمائنڈرز کے لیے بھی استعمال کرنا ممکن ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں