واٹس ایپ میں میسجز سے متعلق زبردست فیچر متعارف

ویب ڈیسک(پی این آئی)واٹس ایپ کی جانب سے مسلسل متعدد نئے اور دلچسپ فیچرز پر کام جاری رہتا ہے تاکہ صارفین کو دیگر سروسز کا رخ نہ کرنا پڑے۔

ایسا ہی ایک نیا فیچر میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ میں متعارف کرایا گیا ہے جو صارفین کو چیٹس آرگنائز کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔واٹس ایپ میں چیٹ فلٹرز کا فیچر صارفین کے لیے پیش کیا گیا ہے۔اس فیچر پر کافی عرصے سے کام کیا جا رہا تھا اور اب جا کر اسے متعارف کرایا گیا ہے۔واٹس ایپ میں آل، ان ریڈ (unread) اور گروپس کے نام سے 3 چیٹ فلٹرز صارفین کو دستیاب ہوں گے۔جیسا نام سے عندیہ ملتا ہے کہ آل پر کلک کرنے پر آپ کی تمام چیٹس ہوم فیڈ پر نظر آئیں گی۔اگر آپ ان ریڈ کا انتخاب کریں گے تو صرف وہ چیٹس نظر آئیں گی جن کو آپ نے پڑھا نہیں ہوگا جبکہ گروپ فلٹر پر کلک کرنے سے صرف گروپ چیٹس کو دیکھنا ممکن ہوگا۔

خیال رہے کہ ان ریڈ میسجز پڑھنے کے لیے ایک فلٹر پہلے بھی سرچ بار میں دستیاب تھا مگر اب اسے مین فیڈ میں منتقل کیا گیا ہے۔میٹا کی جانب سے بتایا گیا کہ صارفین کی جانب سے سب سے زیادہ گروپس فلٹر کا مطالبہ کیا جا رہا تھا تاکہ گروپس چیٹس کو دیکھنا آسان ہو جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں