ملک میں انتخابی چہل پہل، گوگل کے اہم اقدامات

اسلام آباد(پی این آئی)ملک میں انتخابی چہل پہل، گوگل کے اہم اقدامات۔۔۔۔۔۔۔۔کسی بھی ملک میں انتخابی عمل کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لیے مفید اور متعلقہ معلومات کی ضرورت ہوتی ہے، گوگل نے قابل اعتماد معلومات کیلئے مختلف فیچرز متعارف کروائے ہیں۔ گوگل کی جانب سے ’گوگل سرچ‘ کو انتخابی عمل کے دوران مستند معلومات کو صارفین تک پہنچانے اور انتخابات سے متعلق مختلف معلومات پر سیاق و سباق فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ گوگل کے ہوم پیج پر ایسے لنکس موجود ہوں گے جو ووٹرز کو ’ووٹ کیسے ڈالیں‘ اور ’ووٹ کرنے کے لیے ریجسٹریشن کیسے کریں‘ ان سوالات کے بارے میں مستند معلومات فراہم کریں گے۔علاوہ ازیں،گوگل کے پیج ’گوگل ٹرینڈز پاکستان جنرل الیکشن‘ پر ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات سے متعلق مختلف موضوعات سے متعلق مستند معلومات اور ڈیٹا موجود ہے۔گوگل ٹرینڈز سے یہ اندازہ بھی لگایا جاسکتا ہے کہ پاکستانی عوام کو الیکشن سے متعلق کن موضوعات میں زیادہ دلچسپی ہے۔

کمپنی نے اپنے ’نیوز انیشیٹو‘ کے ذریعے صحافیوں کو انتخابات کے دوران ان کی خبروں کی کوریج کے لیے صحیح وسائل سے آراستہ کرنے کے لیے ورکشاپس کا بھی انعقاد کیا جس میں انہیں خبروں کی تصدیق، ڈیجیٹل سیکیورٹی، اور گوگل ٹرینڈز کے استعمال کے لیے ٹولز کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔اس حوالے سے گوگل کے کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان فرحان قریشی کا کہنا ہے کہ انتخابات کے پیش نظر ہم نے اپنی کوششوں کو ان پاکستانیوں کی حمایت پر مرکوز کیا ہے جن سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ الیکشن سے متعلق مفید اور متعلقہ معلومات سے آن لائن رابطہ قائم کر کے اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔ اُنہوں نے بتایا کہ ہم نے نیوز ایکو سسٹم میں بھی سرمایہ کاری کی ہے اور انتخابات کے آغاز سے قبل مستند اور معتبر خبروں کی رپورٹنگ کے لیے صحافیوں اور نیوز رومز کو تربیت دی اور حال ہی میں ہم نے’گوگل ٹرینڈز پاکستان جنرل الیکشن‘ کا ایک پیج لانچ کیا ہے تاکہ میڈیا کو الیکشن سے متعلق اپنی خبروں کے لیے مستند ڈیٹا تلاش کرنے میں آسانی ہو۔گوگل نے انکشاف کیا کہ کمپنی نے یوٹیوب پر اپنی کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے پر گزشتہ سال جولائی اور ستمبر کے درمیان 3 ماہ کے اندر عالمی سطح پر 8.1 ملین سے زیادہ ویڈیوز اور 10 ملین چینلز کو ڈیلیٹ کیا ہے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ ہم اپنی پالیسیوں کی خلاف ورزی کرنے والے مواد کی نشاندہی کرکے اسے ڈیلیٹ کرنے کے لیے مشین لرننگ اور تجزیہ کاروں کے امتزاج پر انحصار کرتے ہیں۔کمپنی کا کہنا ہے کہ انتخابی سالمیت کے لیے بہت ضروری ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی صنوعات اور خدمات کو غلط استعمال سے محفوظ رکھا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close