واٹس ایپ صارفین کیلئے بری خبر

ویب ڈیسک (پی این آئی) اگر آپ اینڈرائیڈ اسمارٹ فون پر واٹس ایپ استعمال کرتے ہیں اور میسجنگ اکاؤنٹ پر بہت زیادہ تصاویر اور ویڈیوز آتی ہیں تو بہتر ہے کہ اب انہیں بیک اپ ڈیٹا میں محفوظ نہ ہونے دیں۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ اب واٹس ایپ کا بیک اپ ڈیٹا آپ کی گوگل اسٹوریج کا اسپس استعمال کرے گا۔اینڈرائیڈ پولیس کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اب تک واٹس ایپ بیک اپ ڈیٹا کے لیے گوگل ڈرائیو اسٹوریج کی کوئی حد نہیں تھی۔رپورٹ کے مطابق اب تک گوگل اکاؤنٹ کی 15 جی بی اسٹوریج میں واٹس ایپ ڈیٹا کو کاؤنٹ نہیں کیا جاتا تھا مگر نومبر 2023 میں میٹا کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ 2024 کے شروع سے واٹس ایپ بیک اپ گوگل اسٹوریج میں کاؤنٹ کیا جائے گا۔اب یہ وقت آگیا ہے اور صارفین کا واٹس ایپ بیک اپ ڈیٹا گوگل اسٹوریج استعمال کر رہا ہے۔

اس بارے میں جاننے کے لیے گوگل اکاؤنٹ اسٹوریج میں جاکر Other سیکشن پر کلک کریں، جہاں واٹس ایپ کے نام سے ایک نیا اضافہ نظر آئے گا۔وہاں واٹس ایپ کے ڈیٹا کے آگے بنے ایرو پر کلک کرنے پر واٹس ایپ کا Manage Storage پیج اوپن ہو جائے گا، جہاں آپ دیکھ سکیں گے کہ کونسی چیٹس اور فائلز نے گوگل اسٹوریج میں جگہ گھیری ہوئی ہے۔آپ بڑی میڈیا فائلز کو ڈیلیٹ کرکے اپنے واٹس ایپ چیٹ بیک اپ اسٹوریج اسپیس کو کم کر سکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق یہ تبدیلی چند افراد کے لیے کی گئی ہے اور بتدریج تمام صارفین کا بیک اپ ڈیٹا گوگل اسٹوریج کا حصہ بن جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close