اسلام آباد(پی این آئی)دنیا بھر میں اربوں افراد واٹس ایپ کو استعمال کرتے ہیں۔ میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ میں ایک ایسے فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے جو متعدد افراد کی پریشانی کا حل ثابت ہوگا۔
واٹس ایپ کے بیشتر افراد اجنبیوں کے ساتھ فون نمبر کو شیئر کرنے میں ہچکچاتے ہیں کیونکہ اس نمبر کو اشتہارات سمیت مختلف مقاصد کے لیے ان کی اجازت کے بغیر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ صارفین کی پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے واٹس ایپ کی جانب سے ایک ایسا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جو فون نمبر کے بغیر لوگوں سے رابطہ کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔ wabetainfo کی رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ ڈیوائسز اور ویب صارفین کے لیے واٹس ایپ میں یوزر نیم فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اس فیچر سے ہر صارف اپنا ایک یوزر نیم تیار کرکے اسے دوستوں، گھر والوں اور کانٹیکٹس کے ساتھ رابطے میں استعمال کر سکے گا۔
جب کوئی صارف اپنا یوزر نیم تیار کرلے گا تو اس کا فون نمبر دیگر افراد کی نظروں سے اوجھل ہو جائے گا جس سے صارفین کی سکیورٹی زیادہ مضبوط ہوجائے گی۔ یہ فیچر کچھ عرصے پہلے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا (beta) ورژن میں متعارف کرایا گیا تھا۔ اب اسے واٹس ایپ کے ویب ورژن کے بیٹا ورژن کا حصہ بنایا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ صارفین اپنا یوزر نیم کو تبدیل بھی کر سکیں گے جس سے انہیں پروفائل پر زیادہ کنٹرول مل سکے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں