واٹس ایپ صارفین کے لیے زبردست فیچر متعارف

واٹس ایپ نے اگست 2021 میں تصاویر اور ویڈیوز کی پرائیویسی اور ایپ کی میموری کو بچانے کیلئے ‘ویو ونس نامی فیچر متعارف کرایا تھا۔
اس فیچر کے تحت بھیجی جانیوالی تصویر یا ویڈیو ایک بار کھلنے کے بعد چیٹ سے مکمل طور پر غائب ہوجاتی ہے۔
مگر اب کمپنی کی جانب سے آڈیو میسجز کو بھی اس فیچر کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔

اس فیچر پر کئی ماہ سے کام کیا جا رہا تھا اور اب اسے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے یہ اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اب صارفین ایسے آڈیو میسج بھیج سکیں گے جو ایک بار پلے ہونے کے بعد خود بخود ڈیلیٹ ہو جائیں گے۔
واٹس ایپ میں پہلے ہی ڈس اپیئرنگ میسجز کا فیچر موجود ہے جس میں آڈیو میسجز مخصوص وقت کے بعد غائب ہوجاتے ہیں۔
مگر ویو ونس کا نیا فیچر مکمل چیٹ کی بجائے کسی ایک مخصوص آڈیو میسج کے لیے استعمال کیا جاسکے گا جو ایک بار دیکھے جانے کے بعد غائب ہوجائے گا۔
خیال رہے کہ جب ویو ونس فیچر متعارف کرایا گیا تھا تو کمپنی نے کہا تھا کہ اس فیچر کو وائی فائی لاگ ان تفصیلات یا دیگر حساس تفصیلات کی تصاویر شیئر کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔
اب آڈیو میسجز کو اس کا حصہ بناتے ہوئے کمپنی کا کہنا تھا کہ اب آپ کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات یا دیگر حساس تفصیلات ایسے آڈیو میسج میں شیئر کر سکیں گے جو ایک بار پلے ہونے کے بعد ڈیلیٹ ہو جائے گا۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ اس فیچر کو متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور آنے والے ہفتوں میں یہ تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔
میسج کیسے استعمال کریں؟

اس فیچر کو استعمال کرنا کافی آسان ہے۔
درحقیقت یہ فیچر معمول کے آڈیو میسج ریکارڈ کرنے کی طرح ہی کام کرتا ہے۔
جب آپ آڈیو میسج ریکارڈ کریں گے تو دائیں جانب کونے میں ایک آئیکون نظر آئے گا جس نمبر 1 لکھا ہوگا اور اس پر کلک کرنے پر آڈیو میسج کے لیے ویو ونس موڈ ان ایبل ہو جائے گا۔
اگر کوئی فرد اس آڈیو میسج کو 2 ہفتے تک نہیں سنے گا تو واٹس ایپ کی جانب سے اسے خودکار طور پر ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔
یہ واضح رہے کہ ویو ونس کے تحت بھیجے گئے آڈیو میسج کو سیو، شیئر یا فارورڈ کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close