چین کی الیکٹرک موٹرسائیکل بنانے والی کمپنی کا وفد اسلام آباد پہنچ گیا

اسلام آباد(آئی این پی)چین کے صوبہ جیانگ سو کی الیکٹرک موٹرسائیکل بنانے والی ایک کمپنی کے ایک وفد نے چیئرمین ژاؤ شوجو کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور پاکستان کی مارکیٹ میں الیکٹر موٹرسائیکلوں کے کاروبار کے مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر فاد وحید نے کہا کہ پاکستان موٹرسائیکلوں کیلئے دنیا کی پانچویں بڑی مارکیٹ ہے لہذا یہی مناسب وقت ہے کہ چین کے سرمایہ کار پاکستان میں الیکٹرک گاڑیاں اور موٹر سائیکل بنانے کے پلانٹس لگائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 2کروڑ 30لاکھ رجسٹرڈ موٹر سائیکلیں ہیں لیکن پیٹرو ل پر چلنے کی وجہ سے وہ فضائی آلودگی پیدا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک موٹرسائیکل ماحول دوست ہیں اور پاکستان میں ان کا شاندار مستقبل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی الیکٹریکل وہیکلز پالیسی الیکٹرک گاڑیوں کی مقامی پیداوار کو فروغ دینے کے لیے پرکشش مراعات اور ٹیکس میں چھوٹ فراہم کرتی ہے لہذا چین کے سرمایہ کار پاکستان میں پیداواری یونٹس لگا کر ان مراعات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں الیکٹر ک بائیک شعبے میں چین کی سرمایہ کاری سے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی آئے گی اور ہزاروں افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تقریبا 31 کمپنیوں کو الیکٹر بائیک کی مقامی تیاری کے لیے لائسنس جاری کیے ہیں جن میں سے تقریباً چھ کمپنیاں اس وقت یا تو مختلف قسم کی ای بایئک بنا رہی ہیں یا اسمبل کر رہی ہیں۔ لہٰذا، چینی سرمایہ کاروں کے لیے یہی مناسب وقت ہے کہ وہ منافع بخش نتائج حاصل کرنے کے لیے پاکستان میں ای بائیکس بنانا شروع کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی انہیں پاکستان میںصحیح شراکت داروں کے ساتھ ملانے میںہرممکن تعاون کرے گا۔ اس موقع پر چین کے وفد کے سربراہ ژاؤ شوجو نے کہا کہ چین کے صوبہ جیانگ سو میں ان کی ای بائیک بنانے کی 4 سے 5 فیکٹریاں ہیں اور وہ پاکستان کی مارکیٹ میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں ای بائیک کی مارکیٹ کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے موجودہ دورے پر ہیں۔ وفد کے اراکین نے پاکستان میں ای با ئیک کے لئے کاروبار کے مواقعوں ، قواعد و ضوابط اور کاروباری ماحول کے بارے میں بہت سے سوالات کیے اور ان کے تسلی بخش جوابات حاصل کئے۔ چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ پاکستان میں خواتین میں بھی اب موٹرسائیکل چلانے کا رجحان بڑھ رہا ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین کے سرمایہ کار پاکستان میں خواتین کیلئے مناسب قیمت پر الیکٹریکل موٹرسائیکل متعارف کرائیں جو اس کاروبار کیلئے ایک پرکشش مارکیٹ ہے۔ چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر توصیف زمان، ڈاکٹر جوہریہ اظہر، صدف عاصم عباسی اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ چین کے سرمایہ کار ٹیکنالوجی کی منتقلی کر کے پاکستان میں الیکٹرک موٹرسائیکل تیار کرنے کی کوشش کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close