پیرس(پی این آئی) حد سے زیادہ برقی مقناطیسی تابکاری خارج ہونے کی وجہ سے فرانس میں آئی فون 12کی فروخت روک دی گئی۔
آئی فون 12سے خطرناک حد تک تابکاری خارج ہونے کی بے شمار شکایات آنے پر فرانسیسی ریگولیٹر نے کمپنی کو ملک میں آئی فون 12کی فروخت روک کر اس میں موجود خامی کو دور کرنے کی ہدایت کی ہے۔فرانس میں ریڈیو فریکوئنسی کنٹرول کی ذمہ دار ’اے این ایف آر‘ نامی ایجنسی کی طرف سے کی گئی تحقیق میں پتا چلا ہے کہ آئی فون 12مقررہ حد سے کہیں زیادہ برقی مقناطیسی لہریں خارج کرتا ہے۔ ڈیجیٹل امور کے فرانسیسی وزیر جین نوبیرٹ نے ایک فرانسیسی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”ہمیں امید ہے کہ ایپل کو آئی فون 12میں موجود خامی کا ادراک ہے اور وہ اسے دور کرے گی تاہم اگر وہ ایسا کرنے میں ناکام رہی تو ہم مارکیٹ سے تمام آئی فون 12اٹھوا دیں گے۔“واضح رہے کہ یورپی معیار کے مطابق 4واٹ فی کلوگرام مقناطیسی توانائی کی شرح مخصوص کی گئی ہے تاہم منظور شدہ لیبارٹریوں کی جانچ میں پتا چلا ہے کہ آئی فون 12کو ہاتھ میں یا جیب میں رکھنے سے صارف کے جسم میں 5.47واٹ فی کلوگرام برقی مقناطیسی تابکاری جذب ہوتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں