آئی فون 15سیریز متعارف کروانے سے چند گھنٹے قبل ہی موبائل کے ڈیزائن کی تصاویر لیک ہوگئیں

اسلام آباد(پی این آئی)ایپل کی آئی فون 15 سیریز کو متعارف ہونے میں 2 دن باقی ہیں مگر نئی ڈیوائسز کے بارے میں لیکس کا سلسلہ جاری ہے۔

اب آئی فون 15 کے ڈیزائن کی جھلک سامنے آئی ہے۔ ایپل انسائیڈر کی رپورٹ میں آئی فون 15 کے ڈمی یونٹس دکھائے گئے جس سے عندیہ ملتا ہے کہ اس بار یہ اسمارٹ فون 9 مختلف رنگوں میں دستیاب ہوگا۔ اس کے مقابلے میں آئی فون 15 پرو اور 15 پرو میکس 4 رنگوں میں دستیاب ہوں گے۔ ان ڈمی یونٹس سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ تمام آئی فون 15 ماڈلز میں سیلفی کیمرے کے لیے ڈائنک آئی لینڈ ڈیزائن دیا جائے گا۔ گزشتہ سال صرف آئی فون 14 پرو اور 14 پرو میکس کے لیے اس ڈیزائن کو اپنایا گیا تھا۔ اس سال کے آئی فونز میں سب سے بڑی اپ ڈیٹ چارجنگ پورٹ کی تبدیلی ہوگی۔ ایپل کی جانب سے آئی فون 15 سیریز کے لیے یو ایس بی سی چارجنگ پورٹ کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔ مگر ایپل کی جانب سے محض چارجنگ پورٹ کو ہی تبدیل نہیں کیا جا رہا بلکہ چارجنگ اسپیڈ کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔ کم از کم آئی فون 15 پرو ماڈلز کو گزشتہ سال کے ماڈلز کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے چارج کرنا ممکن ہوگا۔

خیال رہے کہ آئی فون 15، 15 پلس، 15 پرو اور 15 پرو میکس (یا آئی فون 15 الٹرا) کو 12 ستمبر کو متعارف کرایا جائے گا۔ آئی فون 15 اور آئی فون 15 پرو میں 6.1 انچ جبکہ آئی فون 15 پلس اور آئی فون 15 پرو میکس میں 6.7 انچ کا ڈسپلے دیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں