اسلام آباد(پی این آئی)واٹس ایپ کا استعمال دنیا بھر میں 2 ارب سے زیادہ افراد کرتے ہیں مگر حیران کن طور پر اب تک اس پلیٹ فارم میں براہ راست High-definition (ایچ ڈی) تصاویر یا ویڈیوز بھیجنا ممکن نہیں تھا۔
یہی وجہ ہے کہ میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ میں ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین واٹس ایپ پر ایچ ڈی تصاویر کو شیئر کر سکیں گے۔ اس فیچر کا اعلان میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے ایک فیس بک پوسٹ میں کیا۔ اس فیچر کی آزمائش کئی ماہ سے واٹس ایپ کے بیٹا (beta) ورژن میں کی جا رہی تھی اور اب جاکر اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
اس نئے فیچر تک رسائی کے لیے پہلے تو آپ کو واٹس ایپ کو اپ ڈیٹ کرنا ہوگا۔ ایپ کو اپ ڈیٹ کرنے کے بعد جب آپ کسی چیٹ میں کوئی تصویر بھیجنے کے لیے اپ لوڈ کریں گے تو اوپر موجود امیج ایڈیٹنگ مینیو میں ایچ ڈی کا آپشن بھی نظر آئے گا۔ جب آپ اس ایچ ڈی بٹن پر کلک کریں گے تو ایک نئی پوپ اپ ونڈو نمودار ہوگی جہاں آپ فوٹو کوالٹی کو سلیکٹ کر سکیں گے۔ واٹس ایپ میں بائی ڈیفالٹ اسٹینڈرڈ کوالٹی کو سلیکٹ کیا گیا ہے مگر اس کے نیچے ایچ ڈی کوالٹی کا آپشن بھی ہوگا۔ کمپنی کے مطابق ایچ ڈی فوٹوز زیادہ واضح ہوتی ہیں جبکہ اسٹینڈرڈ فوٹوز اسٹوریج اسپیس کم استعمال کرتی ہیں جبکہ ان کو زیادہ تیزی سے بھیجنا ممکن ہے۔ جب کوئی صارف ایچ ڈی کوالٹی کو سلیکٹ کرکے تصویر بھیجے گا تو اس میں ایچ ڈی لیبل بھی بائیں کونے میں نیچے نظر آئے گا۔ کمپنی کے مطابق ایچ ڈی فوٹوز کا فیچر متعارف کرانے کا سلسلہ 17 اگست سے شروع ہوگیا جو چند ہفتوں تک تمام صارفین کو دستیاب ہوگا، اس کے بعد جلد ایچ ڈی ویڈیوز سپورٹ کا آپشن بھی پیش کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں