انسٹا گرام صارفین کیلئے آمدنی کا ایک اور فیچر متعارف کروا نے کا اعلان

لاہور (پی این آئی) میٹا نے انسٹاگرام صارفین کو آمدنی کے حصول کا ایک اور موقع فراہم کیا ہے۔کمپنی کی جانب سے متعدد ممالک میں انسٹاگرام سبسکرپشنز نامی پروگرام متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔یہ پروگرام آسٹریلیا، برازیل، کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، میکسیکو، سپین اور برطانیہ کے انسٹاگرام صارفین کو آئندہ چند ہفتوں میں دستیاب ہوگا۔

اس پروگرام کا اعلان میٹا نے جنوری 2022 میں کیا تھا اور امریکہ میں اس کی آزمائش شروع کی گئی تھی۔انسٹاگرام سبسکرپشنز کے ذریعے کریٹیرز اپنے فالوورز کو مخصوص پوسٹس، لائیو ویڈیوز، سٹوریز، ریلز، ہائی لائٹس اور دیگر تک پیسوں کے عوض رسائی فراہم کرسکیں گے۔سبسکرائبرز کو ایک سپیشل بیج بھی دیا جائے گا تاکہ کمنٹس سیکشن میں وہ دیگر سے الگ نظر آئیں۔اس پروگرام کا حصہ بننے کے لیے صارفین کو چند شرائط پوری کرنا ہوں گی۔صارف کی کم از کم عمر 18 سال جبکہ فالوورز کی تعداد 10 ہزار سے زیادہ ہونا ضروری ہوگی۔پروگرام کے لیے اہل قرار پانے والے صارفین اپنے خصوصی مواد تک رسائی کے لیے ماہانہ فیس طے کر سکیں گے۔کمپنی کی جانب سے 0.99 ڈالر سے 99.99 ڈالرز تک ماہانہ فیس رکھنے کا آپشن دیا جائے گا۔کمپنی نے ایک بیان میں بتایا کہ اس پروگرام کے ذریعے صارفین اپنے فالوورز سے زیادہ بہتر طریقے سے تعلق قائم کر سکیں گے اور وہ اپنے سبسکرائبرز کو مخصوص مواد تک فیس کے عوض رسائی فراہم کرکے ماہانہ آمدنی بڑھا سکیں گے۔بیان میں کہا گیا کہ ہم صارفین کو آمدنی کے حصول کے لیے ایسے ٹولز میں سرمایہ کاری جاری رکھیں گے اور اس حوالے سے مزید اپ ڈیٹس آنے والے مہینوں میں بتائی جائیں گی۔میٹا کی جانب سے اس طرح کا پروگرام فیس بک کے لیے 2020 میں متعارف کرایا گیا تھا۔

فیس بک اور انسٹاگرام کے علاوہ ٹک ٹاک کی جانب سے بھی اسی طرح کا پروگرام سیریز کے نام سے کچھ ماہ پہلے متعارف کرایا گیا تھا۔سیریز کے ذریعے ٹک ٹاک صارفین اپنے مخصوص مواد تک پیسوں کے عوض رسائی فراہم کرتے ہیں۔ٹوئٹر کی جانب سے بھی سبسکرپشن فیچر کو حال ہی میں متعارف کرایا گیا تھا جس کے تحت کریٹیرز کی مخصوص ٹوئٹس تک رسائی فیس دے کر حاصل کی جاتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close