فیس بک، انسٹاگرام اور میسنجر استعمال کرنیوالے کم عمر صارفین کیلئے تبدیلیاں کر دی گئیں

اسلام آباد(پی این آئی)اگر آپ اپنے بچوں کی جانب سے سوشل میڈیا نیٹ ورکس پر بہت زیادہ وقت گزارنے پر پریشان رہتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ میٹا کی جانب سے اس حوالے سے چند نئے ٹولز متعارف کرائے گئے ہیں۔میٹا کی جانب سے میسنجر میں پیرنٹل کنٹرولز، فیس بک پر ٹیک اے بریک جبکہ انسٹاگرام پر nudges جیسے فیچرز کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔میٹا کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں ان فیچرز کا اعلان کیا گیا۔

یہ اعلان اس وقت کیا گیا ہے جب میٹا اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تنقید کی جا رہی ہے کہ ان کے باعث نوجوانوں کی ذہنی اور جسمانی صحت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔خیال رہے کہ میٹا کی ایپس کو استعمال کرنے کی کم از کم عمر 13 سال ہے۔میٹا کی جانب سے پہلی بار میسجنگ ایپ میسنجر میں پیرنٹل سپرویژن ٹولز کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔یہ ٹولز انسٹاگرام میں کافی عرصے سے دستیاب ہیں۔میسنجر میں ان ٹولز کی مدد سے والدین یہ دیکھ سکتے ہیں کہ ان کے بچے کتنا وقت چیٹ ایپ پر گزارتے ہیں جبکہ وہ ان کی کانٹیکٹ لسٹ کی تفصیلات بھی دیکھ سکتے ہیں۔ایک اور نئے فیچر کے ذریعے والدین اور نوجوان نوٹیفکیشنز کے ذریعے ایک دوسرے سے بات چیت بھی کر سکیں گے۔میٹا کی جانب سے فیس بک پر ایک ایسے فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے جو انسٹاگرام پر کافی عرصے سے موجود ہے۔ٹیک اے بریک نامی اس فیچر کے ذریعے فیس بک پر اگر کوئی کم عمر صارف 20 منٹ سے زیادہ وقت گزارے گا تو اسے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے ایپ سے وقفہ لینے کا مشورہ دیا جائے گا۔اس فیچر کے تحت کم عمر صارفین کو ایپ پر روزانہ گزارے جانے والے وقت کی حد طے کرنے کا مشورہ بھی دیا جائے گا۔اگر کم عمر صارفین رات گئے زیادہ وقت تک انسٹاگرام ریلز ویڈیوز کے سیکشن میں اسکرولنگ کریں گے تو انہیں ایک nudge یا نوٹیفکیشن کے ذریعے ایپ بند کرنے کا مشورہ دیا جائے گا۔اس سے قبل جنوری 2023 میں میٹا کی فوٹو شیئرنگ ایپ میں کوائٹ موڈ نامی فیچر متعارف کرایا گیا تھا۔کوائٹ موڈ کے تحت انسٹاگرام ایپ نوٹیفکیشنز کو روک دیتی ہے، ایکٹیویٹی اسٹیٹس کو اپ ڈیٹ جبکہ ڈائریکٹ میسج پر خودکار جواب دیتی ہے۔اس وقت میٹا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نوجوانوں کی جانب سے ہمیں کہا جاتا ہے کہ وہ کچھ دیر کے لیے ایپ سے دور رہ کر اپنے لیے وقت چاہتے ہیں اور رات کو دیگر کاموں پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔اسی کو دیکھتے ہوئے کوائٹ موڈ متعارف کرایا گیا تاکہ رات کو مخصوص وقت تک صارفین کو نوٹیفکیشنز موصول نہ ہوسکیں۔میٹا نے بتایا کہ کم عمر صارفین کو تجویز کیے جانے والے مواد کے حوالے سے سخت حکمت عملی کو اپنایا جا رہا ہے اور مختلف موضوعات کے حوالے سے انہیں نوٹیفکیشنز کے ذریعے انتباہ کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close