انٹرنیٹ اکاؤنٹس پر آسان پاسورڈ لگانے والے صارفین کیلئے تشویشناک خبر

نیویارک(پی این آئی ) اگر آپ نے اپنے انٹرنیٹ اکاؤنٹس کے پاس ورڈز میں انگریزی ابجد کے چھوٹے بڑے حروف اور نمبرز ملا کر استعمال نہیں کیے تو آپ کے لیے فکر مندی کا لمحہ ہے کہ ایک مصنوعی ذہانت کا حامل ایسا ٹول ہے جو سادہ پاس ورڈز کو منٹوں میں توڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انڈیا ٹائمز کے مطابق اس ٹول کا نام ’PassGAN‘ ہے، جس پر سائبر سیکیورٹی فرم ’ہوم سکیورٹی ہیروز‘ کے ماہرین نے تحقیق کی ہے۔

ماہرین نے اس ٹول کے ذریعے 1کروڑ 56لاکھ پاس ورڈز کو توڑنے کی کوشش کی اور حیران کن طور پر یہ ٹول ان میں سے 61فیصد پاس ورڈز کو توڑنے میں کامیاب ہو گیا۔ان 61فیصد میں سے 51فیصد پاس ورڈز اس ٹول نے ایک منٹ سے کم وقت میں توڑ ڈالے، 65فیصد کو یہ ٹول ایک گھنٹے سے کم وقت میں، 71فیصد کو ایک دن سے کم وقت میں اور 81فیصد کو ایک ماہ سے کم وقت میں توڑنے میں کامیاب ہوا۔تاہم جن پاس ورڈز میں انگریزی کے چھوٹے بڑے حروف، نمبرز اور علامات ملا کر استعمال کیے گئے تھے، انہیں یہ ٹول توڑنے میں ناکام رہا۔ماہرین نے بتایا کہ 12اعداد پر مشتمل پاس ورڈ، جس میں انگریزی کے چھوٹے بڑے حروف ملا کر استعمال کیے گئے ہوں، اسے توڑنے میں اس ٹول کو 289سال لگیں گے،اگر اس پاس ورڈز میں نمبرز بھی ملا دیئے جائیں تو یہ ٹول2ہزار سال میں کہیں اسے توڑ پائے گا اور اگراس میں علامات بھی شامل کر دی جائیں تو یہ ٹول 30ہزار سال میں اسے توڑ سکے گا۔ یعنی اس پاس ورڈ کو توڑنا ناممکن ہو گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں