آئی فون 15سیریز کے پرو ماڈلز کے ڈیزائن اور خصوصیات لیک ہوگئیں

اسلا م آباد(پی این آئی)ایپل کے نئے آئی فون ماڈلز کے حوالے سے لیکس کا سلسلہ جاری ہے۔اب ایک نئی لیک میں آئی فون 15 سیریز کے پرو ماڈلز کے ڈیزائن سمیت دیگر تفصیلات بتائی گئی ہیں۔لیک میں بتایا گیا کہ آئی فون 15 پرو میکس کے بیک پر کیمرا سیٹ اپ گزشتہ سال کے ماڈل کے مقابلے میں پتلا ہوگا۔

ائی فون 15 پرو (بائیں) اور 15 پرو میکس (دائیں) / فوٹو بشکریہ 9 ٹو 5 میک

اس فون میں پیری اسکوپ (آپٹیکل زوم) والا کیمرا بھی دیا جائے گا۔لیک میں آئی فون 15 پرو اور 15 پرو میکس کے فرنٹ ڈیزائن کے خاکے بھی جاری کیے گئے ہیں۔اس خاکے سے تصدیق ہوتی ہے کہ آئی فون 15 پرو میکس کے فرنٹ ڈسپلے میں کناروں کی پٹی یا بیزل اس وقت دستیاب تمام اسمارٹ فونز کے مقابلے میں سب سے کم ہوں گے۔آئی فون 15 پرو میکس میں بیزل کا حجم محض 0.06 انچ ہوگا۔اس سے قبل مختلف لیکس میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 15 پرو ماڈلز کے ڈیزائن میں والیوم بٹن کو تبدیل کیا گیا ہے اور اس کا استعمال اب زیادہ آسان ہو جائے گا جبکہ سائیلنٹ سوئچ کو ایکشن بٹن سے بدلا جا رہا ہے۔

 

نئی لیکس کے ڈیزائن میں یو ایس بی سی پورٹ کو بھی دیکھا جا سکتا ہے / فوٹو بشکریہ 9 ٹو 5 میک

اسی طرح دونوں فونز کے کیمروں میں ایک نئی سنسر ٹیکنالوجی بھی متعارف کرائی جاسکتی ہے جو زیادہ روشنی کو جذب کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوگی۔ایپل کی جانب سے آئی فون 15 سیریز میں چارجنگ کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ بھی دی جائے گی، جس کا مطالبہ صارفین کافی عرصے سے کر رہے ہیں۔اس وقت آئی فون کو لائٹننگ کیبل سے چارج کیا جاتا ہے جبکہ اینڈرائیڈ کے لیے اب زیادہ تر فونز میں یو ایس بی سی پورٹ کو چارجنگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

آئی فون 15 پرو میکس / فوٹو بشکریہ 9 ٹو 5 میک

یہ 11 سال بعد پہلی بار ہوگا جب ایپل کی جانب سے آئی فونز میں ایسی تبدیلی کی جائے گی۔یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ سے ہٹ کر آئی فون 15 سیریز کے تمام فونز میں ڈائنامک آئی لینڈ کا فیچر دیے جانے کا امکان ہے، جو 2022 میں آئی فون 14 پرو ماڈلز تک محدود رکھا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close